سری نگر: آرٹ آف لِونگ فاؤنڈیشن کے بانی اور معروف روحانی رہنما سری سری روی شنکر نے جمعرات کو یہاں میر واعظ کشمیر میر واعظ عمر فاروق سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے امن، ہم آہنگی، ہمدردی اور بین المذاہب مکالمے کی اہمیت پر تبادلۂ خیال کیا۔
میر واعظ منزل کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ سری سری روی شنکر، جو سات سال بعد وادی کا دورہ کر رہے ہیں، نے کشمیر آ کر خوشی کا اظہار کیا اور اسے بقائے باہمی، روحانی ورثے اور ثقافتی ہم آہنگی کی علامت قرار دیا۔بیان کے مطابق: ‘میرواعظ عمر فاروق نے ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ میرواعظ کا منصب ہمیشہ سے امن، بات چیت اور مکالمے کو انسانی مسائل اور مؤثر حل کا ذریعہ سمجھتا ہے’۔۔
انہوں نے کہا کہ’ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ناانصافی اور محرومی ہی انتہاپسندی کو جنم دیتی ہے جو امن کے لئے خطرہ ہے’۔بیان کے مطابق میرواعظ نے وادی میں سری سری روی شنکر کی حالیہ منشیات مخالف مہم کی بھی تعریف کی۔
بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پائیدار مکالمہ، باہمی احترام اور سمجھ بوجھ ہی امن اور انسانی وقار کے فروغ کی بنیاد ہے۔




