سری نگر،10 مئی: جنوبی ضلع اننت ناگ کے ڈورو علاقے میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں دو عدم شناخت جنگجو مارے گئے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ منگل کی سہ پہر کو سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد اننت ناگ کے ڈورو علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے بتایا کہ جوں ہی سیکورٹی فورسز کے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود جنگجووں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی ، چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران دو جنگجو مارے گئے ۔
اُن کے مطابق مہلوک جنگجووں کی شناخت اور اُن کی تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مہلوک ملی ٹینٹوں کے قبضے سے ایک رائفل بھی برآمد کی گئی ۔
انہوں نے کہا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے۔
یو این آئی




