نئی دہلی، 10 مئی: وزیراعظم نریندرمودی نے منگل کے روز سنتوربجانے کے ماہرپنڈت شیوکمارشرما کے انتقال پرگہرے رنج و غم کا اظہار کیا ۔
مسٹر مودی نے کہا ’’پنڈت شیوکمارشرما جی کےانتقال سے ہماری ثقافتی دنیا کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے سنتور کو عالمی سطح پر مقبول بنایا ۔ ان کی موسیقی آنے والی نسلوں کو مسحور کرتی رہے گی ۔ مجھے ان کے ساتھ اپنی بات چیت یاد ہے۔ ان کے اہل خانہ اورمداحوں سے تعزیت۔ اوم شانتی‘‘۔
پنڈت شرما کے انتقال پرغم کا اظہار کرتے ہوئے لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے کہا کہ انہوں نے دنیا کو ہندوستان کی شاندار ثقافت اور شاندار روایت سے روشناس کرایا ۔
ہندوستانی کلاسیکی موسیقاراورمتعدد بالی ووڈ فلم ساؤنڈ ٹریک کے موسیقارپنڈت شرما کو سنتورکوعالمی سطح پرمقبول بنانے کا سہرا جاتا ہے ۔ ان کا انتقال ممبئی میں 84 سال کی عمر میں ہو گیا ۔ وہ گزشتہ چند ماہ سے گردے کے عارضے میں مبتلا تھے ۔
یواین آئی





