نتیشور کمار نے عید الفطرکے اِنتظامات کی نگرانی کیلئے درگاہ حضرتبل ،زیارت حضرت شیخ حمزہ مخدوم صاحب ؒ کا دورہ کیا

نتیشور کمار نے عید الفطرکے اِنتظامات کی نگرانی کیلئے درگاہ حضرتبل ،زیارت حضرت شیخ حمزہ مخدوم صاحب ؒ کا دورہ کیا

سری نگر:لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار نے آج عید الفطر کے بابرکت دِن کے لئے آخری اِنتظامات کا جائزہ لینے کی خاطر درگاہ حضرت بل اور زیارت حضرت شیخ حمزہ مخدوم صاحب ؒ کا دورہ کیا۔
اِس موقعہ پر صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے ، ضلع ترقیاتی سری نگر محمد اعجاز اسد ، سی اِی او اوقاف مفتی فرید الدین ،ڈائریکٹر سیاحت ڈاکٹرجی این ایتو ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر ، ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر ساجد یحییٰ نقاش ، سینئر اَفسران موجود تھے۔دورے کے دوران پرنسپل سیکرٹری کے ہمراہ سپر انٹنڈنٹ آف پولیس راکیش بلوال ، وی سی ایل سی ایم اے ڈاکٹر بشیر احمد ، ایس ایس پی ٹریفک امتیاز احمد اور پولیس اور سول اِنتظامیہ کے دیگر اعلیٰ اَفسران بھی تھے۔
پرنسپل سیکرٹری نے موقعہ پر ہی جائزہ لیا اور درگاہ حضرت بل اور زیارت حضرت شیخ حمزہ ؒ کے اطراف میں صفائی ستھرائی ، بلا تعطل پانی اور بجلی کی سہولیات اور دیگر سول کاموں سے متعلق محکموں کی طرف سے فراہم کی جارہی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
پرنسپل سیکرٹری کو ان مقامات پر عقیدت مندوں کے لئے حفاظتی اِنتظامات ، بجلی ، پانی کی فراہمی ، صفائی ، فائر سروسز ، ٹرانسپورٹ اور طبی امداد کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔
پرنسپل سیکرٹری نے درگاہ حضرت بل میں اِنتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے حکام کو ہدایت دی کہ وہ زیارت گاہ کے اندر اور اس کے ارد گرد مناسب صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں ۔اُنہوں نے کہا کہ خواتین کے لئے الگ اِنتظام زیادہ سے زیادہ کھلی جگہ کو ڈھانپنے کے لئے خیموں کا ضروری اِنتظام کیا جائے ۔ اِس کے علاوہ کھلے راستوں پر مناسب چٹائی بھی لگائی جائے تاکہ عقیدت مندو ں کو نماز ادا کرنے کے دوران کسی مشکل کا سامنا نہ کرناپڑے ۔
پرنسپل سیکرٹری کو جانکاری دی گئی کہ حضرت بل کے زیارت گاہ میں 3ایمبولنس بشمول ایک کریٹیکل کیئر ایمبولنس ، ضروری ادویات، میڈیکل ٹیم اور فسٹ ایڈ بکس محکمہ صحت کی جانب سے تعینات کیا جائے گا۔
اِسی طرح پی ایچ ای نے 2پانی ٹینکر رکھے ہیں اور حضرت بل میں موجودہ 150 پوائنٹس کے علاوہ 50 اِضافی نلکے بھی لگائے ہیں جبکہ دیگر اہم زیارت گاہ پر بھی واٹر ٹینکرس تعینات کئے گئے ہیں۔
صفائی ستھرائی کے سلسلے میں پرنسپل سیکرٹری کو بتایا گیا کہ ایس ایم سی کی طرف سے شہر کے حضرت بل اور دیگر زیارت گاہ پر صفائی ستھرائی کے مناسب اقدامات کو یقینی بنانے کے لئے کافی عملہ تعینات کیا گیا ہے جبکہ موبائل بیت الخلاءوین بھی ایس ایم سی کی طرف سے رکھی گئی ہیں ۔ اِس کے علاوہ ڈاگ کیچنگ سکارڈ بھی تعینات کیا گیا ہے۔
اِس موقعہ پر پرنسپل سیکرٹری نے ایس ایم سی حکام کو ہدایت دی کہ وہ حضرت بل زیارت گاہ کے احاطے سے ملبہ اور کیچڑ کو ہٹانے کے عمل کو تیز کریں ۔اُنہوں نے اِجتماعی نماز کے مقامات کی طرف جانے والی گلیوں اور بائی لین کی صفائی پر بھی زور دیا۔

پرنسپل سیکرٹری نے افسروں پر زور دیا کہ ان مقامات پر بڑے اجتماعات کی توقع ہے اور یہ یقینی بنانا ضروری ہے کہ عقیدت مندوں کے لئے مناسب سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ انہیں کوئی دشواری پیش نہ آئے۔ انہوں نے عقیدت مندوں کے لئے پارکنگ اور ٹرانسپورٹ کی مناسب سہولتیں فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی۔
دورے کے دوران پرنسپل سیکرٹری نے عیدالفطر کے مبارک دن کے انتظامات کے سلسلے میں دونوں زیارت گاہوں کے اِنتظامیہ سے بات چیت کی۔
پرنسپل سیکرٹری نے یہاں درگاہ حضرت بل اور زیارت حضرت شیخ حمزہ مخدوم صاحب ؒزیارت گاہوں پر بھی حاضری دی اور لوگوں کی سلامتی ، خوشحالی اور بھلائی کے لئے دعا کی۔
اس دوران چیئرپرسن وقف بورڈ ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے بھی پرنسپل سیکرٹری کے ساتھ عید الفطر کے مبارک دن کے انتظامات کے سلسلے میں شمولیت اختیار کی۔
ڈاکٹر درخشاں اَندرابی نے وادی کشمیر کے تمام زیارت گاہوںپر عیدالفطر کے موقعہ پر بہتر انتظامات کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ اُنہوں نے ثقافتی ورثے کے نمونوں کے مطابق شہر کے مختلف زیارت گاہوں کی تزئین و آرائش اور تمام زیارت گاہوں میں بہتر شہری سہولیات کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.