سری نگر: ہریانہ حکومت کے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے اَفسران کے لئے جے اینڈ کے امپارڈ کے زیر اہتمام 17 اپریل سے 20 اپریل تک چار روزہ تربیتی کورس آج اِختتام پذیر ہوا۔
ڈائریکٹر جنرل جے اینڈ کے امپارڈ سوربھ بھگت نے چار روزہ تربیتی کورس کی اِختتامی تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جے اینڈ کے امپارڈ کے ملک بھر کے معزز اِداروں کے ساتھ اِشتراک سے نہ صرف تربیت کے معیار میں بہتری آئی ہے بلکہ امپارڈ کو لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا کی ہدایات پر عمل درآمد کرنے میں بھی مدد ملی ہے تاکہ ٹیکنالوجی کا فائدہ اٹھایا جا سکے اور جموں و کشمیر کی بیوروکریسی کو مرکزی دھارے میں لایا جا سکے۔
جے اینڈ کے امپارڈ جو ملک کے اعلیٰ ریاستی انتظامی تربیتی اداروں( اے ٹی آئیز) میں سے ایک ہے، نے ہریانہ اِنسٹی چیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (ایچ آئی پی اے ) سمیت زائد اَز بیس آرگنائزیشنوں کے ساتھ علم کے تبادلے کے لئے مفاہمت ناموں پر دستخط کئے ہیں۔
ہریانہ اِنسٹی چیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن کے ساتھ مفاہمت نامے کا مقصد ریاستی خدمات کے افسران کو تربیت دینے کے لئے دونوں آرگنائزیشنوں(امپارڈ اور ایچ ائی پی اے) کی تربیتی مہارت کی سہولیات کو بروئے کار لانا ہے۔ اِس کے ساتھ ساتھ ہریانہ حکومت نے امپارڈ سری نگر میں ایکسائز، ویٹ اورجی ایس ٹی پر چار روزہ سخت ٹریننگ ماڈیول کے لئے ڈپٹی ایکسائز کمشنر کے ساتھ تیس ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسرز (ای ٹی اوز) کو تعینات کیا۔ تربیتی کورس کے دوران افسران نے معروف فیکلٹی سے لیکچر حاصل کئے اور مہمان مقررین کے علاوہ افسران کو فیلڈ کے بارے میں تفصیل سے جانکاری دی گئی ۔
