سری نگر: چیئرمین ایمپلائز جوائنٹ کنسلٹیو کمیٹی (ای جے سی سی) کشمیر جناب اعجاز احمد خان نے یہاں ایک بیان میں کہا ہے کہ نئی پنشن سکیم (این پی ایس) کے تحت بھرتی ہونے والے ملازمین پرانی پنشن سکیم کی بحالی کے اپنے جائز مطالبے کو پورا نہ کرنے کی وجہ سے ذہنی اذیت سے گزر رہے ہیں۔۔۔
جناب خان نے کہا کہ نئی پنشن سکیم کے تحت بھرتی ہونے والے ملازمین کو بھی پنشن حاصل کرنے کا حق ہے لیکن بدقسمتی سے انہیں اس حق سے محروم رکھا گیا ہے۔ ۔۔
جناب اعجاز احمد خان نے جو سی اے پی ڈی ایمپلائز ایسوسی ایشن کشمیر کے صدر بھی ہیں ایک بیان میں کہا کہ ان کی زیر قیادت ایسوسی ایشن آل انڈیا پنشن بحالی متحدہ محاذ کی کال "قومی سطح کی ہڑتال چلو سری نگر” کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کرے گی اور ان کے کارکنان اور ان کی زیر قیادت ایسوسی ایشن کے ممبران بھی اس تقریب کا حصہ ہوں گے۔
دریں اثناء جناب خان نے عزت مآب لیفٹیننٹ گورنر جموں و کشمیر سے استدعا کی کہ وہ اس معاملے کو دیکھیں اور ملازمین کے وسیع تر مفادات میں ملازمین کے اس طویل التواء مطالبے کا ازالہ کریں۔
