سات روزہ ٹیولپ فوڈ فیسٹیول میں چھایا کشمیری پکوانوں کا خمار

سات روزہ ٹیولپ فوڈ فیسٹیول میں چھایا کشمیری پکوانوں کا خمار

شوکت ساحل

 

سرینگر: نت نئے کھانوں کے شوقین افراد اور وادی کی سیر پر آئے سیاحوں کیلئے سات روزہ ٹیولپ فوڈ فیسٹیول ایک خواب تھا جو پورا ہوا۔۔ اگر آپ کوئی ایسی جگہ ڈھونڈ رہے ہیں جہاں آپ کو میٹھا، چٹ پٹا اور ذائقے دار کھانا مل سکے تو یہ میلہ آپ کیلئے ہی ہے۔


سات روزہ ٹیولپ فوڈ فیسٹیول کا افتتاح سیکریٹری ٹورازم اینڈ کلچر، سرمد حفیظ نے کیا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں شعبہ سیاحت فروغ دینے کے لئے اس سات روزہ ٹیولپ فوڈ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا تاکہ وادی کشمیر کی سیر پر آنے والے سیاح کشمیری پکوانوں جن میں قیوہ ،نون چائے اور وازہ وان شامل ہیں ،سے لطف اندوز ہوجائیں جبکہ سیاحوں اور مقامی سیلانیو ں کی بڑی تعداد اس فیسٹیول سے لطف اندوز ہورہی ہے ۔

کشمیر کی خوبصورتی کا ذکر جتنا بھی ہو کم ہے۔ ہر موسم کا اپنا الگ ہی حسن ہے لیکن موسم ِ بہارکا نظارا اتنا مسحور کن ہوتا ہے کہ انسان ان نظاروں میں کھو کر رہ جاتا ہے۔یہاں کی قدرتی خوبصورتی کے بیچ کشمیری پکوان بھی دنیا بھر میں پسند کیے جاتے ہیں اور جب بات کشمیر ی پکوانوںکی ہو تو اس سے بہترین ذائقہ ملنا مشکل ہے۔فوڈ فیسٹیول ہو اور کشمیری وازوان نہ ہو ،ایسا ناممکن ہی ہے ۔


فوڈ فیسٹیول میں وازہ وان کا اسٹال لگانے والے آشپازنے کہا کہ 36 انواع و اقسام کے پکوان وازہ وان کی کافی محنت کا نتیجہ ہوتے ہیں۔ وازوان کے پکوانوں کو تیار کرنا ایک معمولی باورچی کے بس کی بات نہیں ہے۔ ان کی ہنرمندی اور بنائے ہوئے کھانوں کی لذت بے مثال ہے۔فیسٹیول میں آنے کا مقصد واز ہ وان کو بین الاقوامی پہنچا ن دینا ہے اور سیاحوں کو اس کے ذائقہ سے لطف اندوز کرانا ہے۔


لزیز کھانوں کے شوقین سیاح و ٹیولپ گارڈن کی سیر کے لئے زبر ون پہاڑی کے دامن میں آئے ہیں، کشمیر کی تہذیب میں ڈوبے اوراس ٹیولپ فوڈ فیسٹیول کے جشن میں شامل ہو رہے ہیں۔کولکتہ سے آئے ہوئے ایک سیاح ،جوپہلی بار کشمیر کی سیر پر آج ہی وارد ِ کشمیر ہوئے نے فوڈ فیسٹیول کے بارے میں کہا ’یہاں آکر اچھا لگ رہا ہے ۔ایک ہی چھت کے نیچے کشمیری پکوانوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملا جبکہ مقامی کلچر سے بھی روشناس ہوئے۔‘

فوڈ فیسٹیول میں کشمیر کے مختلف حصوں میں ملنے والے پکوانوں کو ایک جگہ اکٹھا کیا گیا ہے، تاکہ سیاح موسم بہار میں کشمیری پکوانوں کا لطف اٹھاسکیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر سیاحت ،ڈیبا خالد نے کہا ’ محکمہ سیاحت نے موسم بہار میں فروغ ِ سیاحت کے لئے سلسلہ وار پروگرام منعقد کئے اور فوڈ فیسٹیول کا انعقاد اسی کا تسلسل ہے ۔موسم بہار میں سیاحوں کوکشمیری پکوانوں سے ہم آہنگ کرانا اس فیسٹیول کا بنیادی مقصد ہے ۔‘

فوڈ فیسٹیول میں ینگ انٹر پرینورز نے طرح طرح کے اسٹال لگائے تھے۔یہاں آرگینک آچار سے لیکر کشمیری زعفران کی مہک نے سیاحوں کا معطر کیا ۔ینگ انٹر پرینورز نے محکمہ سیاحت کے اقدام کی سراہنا کی ۔ینگ انٹر پرینور ،مہک میرنے بتایا کہ یہاں ہمیں اپنی مصنوعات کو فروغ دینے کے لئے ایک چھا پلیٹ فارم مہیا ہوا ہے ۔

یہ فوڈ فیسٹیول آئندہ سات روز تک جاری رہے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.