بدھ, مئی ۱۴, ۲۰۲۵
10.6 C
Srinagar

سیاحتی صنعت ۔۔

سیاحتی صنعت جموں وکشمیر کیلئے ریڑھ کی ہڈی مانی جاتی ہے کیونکہ اسی اہم صنعت کی بدولت یہاںکی اقتصادی صورتحال بہتر بن رہی ہے اور روزگار کے بے شمار وسائل پیدا ہو رہے ہیں ۔

گزشتہ 3دہائیو ں کے پُر تشدد حالات اور خون وآگ کے کھیل کی وجہ سے یہاں کا اقتصادی نظام کافی زیادہ کمزور پڑا ہے اور عام لوگ مہنگائی کے دور میں اپنی روزی روٹی مشکل سے کمارہے ہیں۔

اس کشیدہ ماحول کی بدولت وادی میں پڑھے لکھے بے روزگاروں کی فوج قطارمیں دیکھنے کو مل رہی ہے۔

مرکزی حکومت کےساتھ ساتھ جموں وکشمیرانتظامیہ نے اگرچہ کئی سطحوں پر کام کرکے کسی حد تک ماحول سازگا راور بہتر بنا دیا ،امن قائم ہوا ،تشدد کے واقعات میں گراوٹ آگئی اور پڑھا لکھا بے روزگار طبقہ بھی اب صرف روزگار کمانے کے چکر میں مصروف ہو چکا ہے ۔

سرکاری نوکریاں ملنا اگرچہ ممکن نہیں تاہم سیاحتی سیزن میں یہ نوجوان بہتر ڈھنگ سے اچھا خاصہ روزگار کماسکتے ہیں ۔

سیاحتی سیزن کو فروغ دینے کی غرض سے اگرچہ انتظامیہ متحرک نظر آرہی ہے اور انہوں نے ملک کے مختلف حصوں میں جموں وکشمیر کے اسٹال قائم کر کے لوگوں کو وادی آنے کی دعوت دی جو کہ فی الوقت کامیاب کو شش تصور کی جارہی ہے کیونکہ گزشتہ برس کے اختتام اور روا ں برس کے ابتدائی مہینوں میںریکارڈتوڑ سیاح وادی وارد ہو چکے ہیں جو کہ ایک اچھا پیغام ہے۔

رواں بر س سیاحتی صنعت کو مزید فروغ دینے سے یہاں کے نوجوانوں ،سیاحتی صنعت سے جڑے لوگوں میں خوشحالی پیدا ہو گی ۔

شرط یہ ہے کہ حفاظتی ادارے ،انتظامی افسران ،پالیسی ساز ان باتوں کا خاص خیال رکھیں کہ اس ماحول کو تتر بتر کرنے والے لوگ سر نہ اُٹھا سکیں ۔

ان پر کڑی نظر رکھی جائے جو کسی بھی طرح تشدد کو ہوا دینے میں اپنی زور آزمائی کر رہے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ صحت افزاءمقامات پر کام کررہے لوگوں کو کام کرنے کی کھلی اجازت دی جائے کہ وہ بغیر کسی پریشانی اور رکاوٹ کے اپنا روزگار آسانی سے کما سکےں جس سے وادی میں خوشحالی اور امن کا ماحول قائم ہو گا ۔

Popular Categories

spot_imgspot_img