سری نگر/ وادی کشمیر میں خشک و خوشگوار موسم کے بیچ جہاں ایک طرف شبانہ درجہ حرارت میں بھی بتدریج بہتری واقع ہو رہی ہے وہیں دوسری طرف پیڑ پودوں پر پھوٹ رہے شگوفے آمد بہار کی نوید سنا رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں 18 مارچ تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں 19 مارچ کو موسم میں تبدیلی واقع ہوسکتی ہے جس کے نتیجے میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ کہیں کہیں ہلکی بارشیں متوقع ہیں۔
ادھر موسم خشک و خوشگوار رہنے سے شبانہ درجہ حرارت میں بھی بتدریج بہتری واقع ہو رہی ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 6.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 1.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
یو این آئی