سری نگر،8 مارچ:جموں وکشمیر پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی ضلع پلوامہ میں لشکر طیبہ سے وابستہ تین ملی ٹینٹ معاونین کو حراست میں لے کر اُن کی تحویل سے ایک گرینیڈ اور دوسرا قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا ۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ 55 آر آر،182 بٹالین سی آر پی ایف اور پلوامہ پولیس نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد تین جنگجو معاونین کوگرفتار کیا ہے۔
انہوں نے گرفتار اعانت کاروں کی شناخت عامر نذیر ہزار ولد نذیر احمد ہزار ساکن واگام ، سہیل احمد بٹ ولد عبدالرشید بٹ اور ناصر حسین ولد بشیر احمد گنائی ساکنان چنار باغ پلوامہ کے بطور کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار شدگان سرگرم جنگجو عارف ہزار عرف ریہان کو منطقی مدد فراہم کر رہے تھے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اُن کے قبضے سے ایک گرینیڈ ، 13اے کے راونڈ اور دوسرا قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔
پولیس نے معاملے کی نسبت ایف آئی آر زیر نمبر 47/2022 کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔
یو این آئی