جموں و کشمیر کیجول لیبررس یونائیٹڈ فرنٹ کا سری نگر میں احتجاج

جموں و کشمیر کیجول لیبررس یونائیٹڈ فرنٹ کا سری نگر میں احتجاج

سری نگر،2 مارچ: مختلف سرکاری محکموں میں تعینات سیکنڑوں عارضی ملازموں نے بدھ کے روز یہاں پریس کالونی میں جمع ہو کر اپنے مطالبات خاص طور پر نوکریوں کو مستقل کرنے کے مطالبے کو لے کر احتجاج درج کیا۔

جموں و کشمیر کیجول لیبررس یونائیٹڈ فرنٹ کے بینر تلے احتجاج کرنے والے یہ احتجاجی ملازمین جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے اور انہوں نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈس بھی اٹھا رکھے تھے۔
بتادیں کہ چند روز قبل محکمہ بجلی میں کام کرنے والے بارہ ہزار عارضی ملازموں کی نوکریوں کو مستقل کرنے کا اعلان کیا گیا۔

اس موقع پر پرویز احمد خان نامی ایک احتجاجی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مسائل ابھی بھی حل نہیں کئے گئے ہیں اسی لئے ہم ایک بار پھر آج یہاں احتجاج کرنے کے لئے جمع ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے مطالبوں میں ایس آر او 64 کے تحت نوکریوں کی مستقلی اور منیمم ویجز ایکٹ لاگو کرنا خاص طور پر قابل ذکر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر چار دنوں کے اندر اندر ہمارے مطالبات کو پورا نہیں کیا گیا تو ہم اپنے بال بچوں سمیت سڑکوں پر آئیں گے۔

موصوف احتجاجی نے کہا کہ ہم بہت ہی کم تنخواہوں پر کام کر رہے ہیں اس کم تنخواہ کو بھی وقت پر واگذار نہیں کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا: ’ہم اپنے بچوں کو اچھی طرح سے کھلانے پلانے سے قاصر ہیں ان کو اچھے اسکولوں میں داخل کرانے کے متعلق ہم سوچ بھی نہیں سکتے ہیں‘۔

ان کا کہنا تھا: ’جمعرات کو ایک میٹنگ ہونے والی تھی اگر اس میں ہمارے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا تو ہم سڑکوں پر نکلیں گے‘۔

ایک اور احتجاجی نے کہا کہ ہم میں سے کچھ پندرہ بیس برسوں سے کام کر رہے ہیں لیکن آج تک ان کے مسائل کو حل کرنے کی طرف توجہ نہیں دی گئی۔انہوں نے کہا کہ ہماری تنخواہیں بہت حقیر ہیں جس سے ہمارے گھروں کا چولھا جلنا ہر گذرتے دن کے ساتھ ناممکن ہو رہا ہے۔

یو این آئی 

Leave a Reply

Your email address will not be published.