پنجی،/ گوا اسمبلی انتخابات کے لیے ریاست کے دو اضلاع کی 40 نشستوں پر پیر کو پولنگ پرامن طریقے سے شروع ہوگئی۔ووٹنگ صبح 7 بجے شروع ہوئی جو شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔
الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق جنوبی گوا اور شمالی گوا کے اضلاع کے 1,722 پولنگ اسٹیشنوں پر آج پولنگ ہو رہی ہے۔ 2017 کے اسمبلی انتخابات کے مقابلے اس بار 80 مزید پولنگ اسٹیشنوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔
ریاست میں کل 11.6 لاکھ ووٹرز301 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے جن میں 14 خواتین بھی شامل ہیں۔ ووٹرز میں 9,590 معذور افراد، 80 سال سے زیادہ عمر کے 2,997 ووٹرز، 41 سیکس ورکرز اور نو خواجہ سرا شامل ہیں۔ ریاست میں ہر بوتھ پر اہل ووٹروں کی اوسط تعداد 672 ہے۔ واسکو اسمبلی حلقہ میں سب سے زیادہ اہل ووٹروں کی تعداد 35,139 ہے، جبکہ مرگاؤں سیٹ پر سب سے کم 19,958 ووٹرز ہیں۔ اس بار کل 105 (گلابی بوتھ) خواتین پولنگ اسٹیشن ہیں۔
یواین آئی