بدھ, مئی ۱۴, ۲۰۲۵
10.6 C
Srinagar

شوپیاں میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوﺅں کے مابین تصادم ، 2 اہلکار زخمی

سری نگر، 26 جنوری :جموں وکشمیر کے پہاڑی ضلع شوپیاں کے چیک نوگام گاوں میں بدھ کی شام کو سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا جس دوران 2 فورسز اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ حفاظتی عملے کو یہ اطلاع موصول ہوئی کہ ملی ٹینٹ شوپیاں کے چیک نوگام علاقے میں چھپے بیٹھے ہیں تو پولیس اور سیکورٹی فورسز نے مشترکہ طورپر بدھ کی شام کو فوراً اس علاقے کو محاصرے میں لے لیا اور اُنہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے کارروائی شروع کی۔

انہوں نے بتایا کہ فرار ہونے کے تمام راستے مسدود پا کر ملی ٹینٹوں نے سلامتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی، چنانچہ سیکورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔

ذرائع نے بتایا کہ جنگجووں کی ابتدائی فائرنگ میں دو فورسز اہلکار زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج ، پولیس اور سی آر پی ایف نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے تصادم کی جگہ خصوصی جنریٹر بھی نصب کئے ہیں ۔
آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں آپریشن جاری تھا۔
اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے ۔

یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img