سری نگر/ شمالی کشمیر کے قصبہ گریز کے تاٹری کلشے گاؤں میں دوران شب آگ کی ایک بھیانک واردات میں قریب ایک درجن رہائشی مکان خاکستر ہوگئے۔
سرکاری ذرائع نے کہا کہ گریز کےتاٹری کلشے گاؤں میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب ایک رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے متصل مکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
انہوں نے کہا کہ آگ کی اس بھیانک واردات میں کم سے کم دس رہائشی مکان مکمل طور پر راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس واردات میں کئی کنبے بے گھر ہوگئے اور ان کا تمام مال و اسباب خاکستر ہوگیا۔مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
ایک پولیس افسر کے مطابق اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔دریں اثنا مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے متاثرین کو فوری طور بھر پور معاوضہ دینے کی اپیل کی ہے تاکہ وہ سردیوں کے ان ایام میں اپنے لئے رہنے کا بند وبست کر سکیں۔
یو این آئی