بی جے پی جموں وکشمیر میں فوری انتخانات منعقد ہونے کے حق میں ہے: اشوک کول

بی جے پی جموں وکشمیر میں فوری انتخانات منعقد ہونے کے حق میں ہے: اشوک کول

سری نگر/ بی جے پی جموں و کشمیر یونٹ کے جنرل سکریٹری ( آرگنائزیشنز) اشوک کول کا کہنا ہے کہ اسمبلی نشستوں کی سر نو حد بندی کا عمل مکمل ہونے کے فوراً بعد جموں و کشمیر میں انتخابات منعقد ہوں گے۔

انہوں نے کہا بی جے پی اور نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی سرکار یونین ٹریٹری میں فوری طور اسمبلی انتخابات منعقد کرانے کے حق میں ہیں۔
حیدر پورہ متنازع انکاؤنٹر کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اس میں مجسٹریل انکوائری چل رہی اور رپورٹ لوگوں کے سامنے آئے گی۔
موصوف جنرل سیکریٹری نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں ایک نیوز چینل کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ’جموں و کشمیر میں اسمبلی نشستوں کی سر نو حدی بندی کے فوراً بعد انتخابات منعقد ہوں گے الیکشن کمیشن کو حد بندی کے بعد نئے قوانین بنانے میں تھوڑا وقت لگے گا اور اس کے بعد الیکشن منعقد کرائے جائیں گے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے حد بندی کمیشن کو اپنی رپورٹ پیش کرنے کے لئے 6 مارچ تک کا وقت دیا ہے اور اس کے بعد ڈیڈ لائن میں کوئی توسیع نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں سال2022 میں امسبلی انتخابات منعقد ہوں گے۔
مسٹر کول نےکہا کہ بی جے پی اور مودی سرکار بھی یونین ٹریٹری میں فوری طور انتخابات منعقد ہونے کے حق میں ہیں۔
وادی کی موجودہ صورتحال کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا: ’سال بھر پہلے جو حالات تھے وہ آج نہیں ہیں جب راستے میں چلنا مشکل تھا کہ کب کون پتھر مارے گا آج وہ کہیں نہیں دکھتا ہے’۔
انہوں نے کہا: ’کچھ لوگوں نے حکمت عملی بدلی ہے اور ٹارگیٹ ہلاکتیں ہونے لگی ہیں سرکار نے اپنا قبضہ کسا ہے اور مجھے لگتا ہے کہ یہ سب چیزیں ٹھیک ہوں گی‘۔
حیدر پورہ متنازع انکاؤنٹر کے بارے میں پوچھے جانے پر موصوف جنرل سیکریٹری نے کہا کہ اس میں مجسٹریل انکوائری چل رہی اور رپورٹ لوگوں کے سامنے آئے گی۔
زرعی قوانین کی طرح دفعہ370 کی منسوخی کو بھی واپس لینے کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا: ’ایسا نہیں ہے کہ سب چیزوں کو ایک ہی پیمانے میں تولا جائے۔ جموں و کشمیر میں دفعہ370 ہٹانے کی ضرورت تھی اور ہمارا ماننا ہے کہ اب جموں وکشمیر ترقی کی طرف چل رہا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی قیادت میں سرکار اچھی طرح سے چل رہی ہے اور جب منتخب نمائندے آئیں گے تو اور اچھی طرح سے چلے گی۔
یو این آئی ایم افضل

Leave a Reply

Your email address will not be published.