سری نگر، 22 نومبر :جموں وکشمیر کے شمالی ضلع بارہ مولہ میں کورونا کے یومیہ کیسز میں غیر معمولی اضافے کے بعد انتظامیہ نے مزید دو علاقوں کو بندش والے زون قرار دیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ’شمالی کشمیر کے بارہ مولہ ضلع کے نمبردار محلہ برامن روہامہ اور الصفا کالونی سوپور کے تحت آنے والے علاقوں میں کورونا کے یومیہ معاملات میں اضافہ کے پیش نظر بندش والے زون قرار دئے گئے ہیں‘۔
ضلع مجسٹریٹ بارہ مولہ بھوپندر کمار کی جانب سے جاری کئے گئے ایک حکم نامے میں بتایا گیا کہ مذکورہ علاقوں میں بندشیں عائد رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کے چلنے پھرنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہیں۔
ضلع مجسٹریٹ کا مزید کہنا تھا کہ ’ایس ایس پی بارہ مولہ اور سوپور کو ہدایت دی گئی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں سیکورٹی فورسز کی تعیناتی کو بھی یقینی بنایا جائے ‘۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
بتادیں کہ سری نگر ضلع میں کورونا کے یومیہ کیسز میں بڑھتوری کے بعد ضلع بارہ مولہ میں بھی پچھلے ایک ہفتے سے روزانہ کیسوں میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے جس کے پیش نظر انتظامیہ نے متعدد علاقوں کو کنٹونمنٹ زون قرار دیا ہے۔
