سری نگر، 22 نومبر :مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن دو روزہ دورے پر سری نگر پہنچیں جس دوران انہوں نے راج باغ میں چنارآیکر سیوا کیندر کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر وزیر خزانہ نے جموں وکشمیر کے لوگوں کا اس بات پر شکریہ ادا کیا کہ آیکر بھون میں دستیا ب سہولیات کیلئے وہ سرکار کو اپنا دستِ تعاون فراہم کر رہے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ’مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن پیر کے روز دو روزہ دورے پر سری نگر پہنچتے ہی راج باغ گئی جہاں پر اُنہیں گارڈ آف آنر پیش کرنے کے علاوہ رسمی استقبال کیا گیا‘۔
اس موقع پر منعقد کی گئی ایک تقریب سے خطاب کے دوران مرکزی وزیر خزانہ نے کہا کہ ’اس سیوا کیندر کے قیام سے ٹیکس دہند گان کو بہتر سہولیات میسرہوگی‘ ۔
انہوں نے جموں وکشمیر کے لوگوں کا اس بات پر شکریہ ادا کیا کہ اس سیوا کیندر کیلئے جو کاوشیں انہوں نے کی وہ قابل تحسین ہے اور اس کا ثمرہ یہ بھی ہے کہ یہ ٹیکس دہندگان کیلئے بہتر سہولیات فراہم کر پائے گا۔
انہوں نے کہاکہ سال 2005میں ملی ٹینٹوں کی جانب سے کئے گئے حملے میں آئی ٹی عمارت کو نقصان پہنچا تھا اور اس عمارت کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر عوام کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔
وزیر خزانہ نے اس موقع پر کہا کہ مجھے بے حد مسرت ہو رہی ہیں اور یہ کہ میں جموں وکشمیر کے امن پسند لوگوں کی بے حد شکر گزار ہوں۔
انہوں نے کہاکہ ٹیکس دہندگان کی جانب سے ٹیکس جمع کرنا ہی واحد مقصد نہیں ہے بلکہ اس سے عیاں ہوتا ہے کہ لوگ کس قدر ’جن بھاگیداری ‘میں جوش جذبے کے تحت اپنا کلیدی کردارادا کر رہے ہیں۔
