سری نگر،15 نومبر : جموں وکشمیر کے گرمائی دار لخلافہ سری نگر کے پائین شہر میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات کی معطلی سے اب راشن گھاٹوں پر غذائی اجناس کی تقسیم کاری بھی متاثر ہورہی ہے جس وجہ سے سردی کے ان ایام میں لوگوں کو گونا گوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
محکمہ خوراک، شہری رسدات و امور صارفین کے کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ ’معاملہ ڈویژنل کمشنر کشمیر کی نوٹس میں لایا گیا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ غذائی اجناس کی تقسیم کاری کے دوران موبائیل انٹرنیٹ خدمات کو بحال رکھا جائے گا‘۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی کمشنر کو بتا دیا ہے کہ کم از کم صبح کے وقت دو سے تین گھنٹے تک بغیر خلل کے موبائیل انٹرنیٹ خدمات کو بحال رکھا جائے تاکہ اس دوران سٹور کیپرز صارفین میں غذائی اجناس کی فراہمی کو یقینی بنا سکے۔
مذکورہ عہدیدار نے یہ بھی بتایا کہ ’سٹور کیپروں کو آگاہی فراہم کی گئی کہ انٹرنیٹ معطلی کے دوران لوگوں کی سہولیات کیلئے اُنہیں بغیر انگوٹھے کے ہی راشن فراہم کیا جائے، لیکن جونہی موبائیل انٹرنیٹ بحال ہوگا تو راشن لینے والے صارفین کو ای پوز مشین پر انگوٹھے کی خاطردوبارہ راشن گھاٹ پر طلب کیا جائے جس سے صارفین اور گھاٹ منشیوں کو پریشانیوں کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہاکہ کئی راشن گھاٹوں پر سٹور کیپروں نے ایسا ہی کیا لیکن صارفین انگوٹھے کی خاطر دوبارہ راشن گھاٹ پر نہیں آسکے جس وجہ سے گھاٹ منشیوں کو اپنی جیبوں سے پیسے ادا کرنے پڑے ہیں۔
سینئر عہدیدار نے کہا کہ عوامی مطالبے کو دیکھتے ہوئے ہمیں یقین ہے کہ صوبائی کمشنر کشمیر عنقریب ہی اس سلسلے میں کوئی حتمی فیصلے لیں گے۔
انہوں نے نے صارفین سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس حوالے سے سٹور کیپروں کے ساتھ اپنا دست تعاون بہم رکھیں۔





