جموں میں فوجی اسلحہ ڈپو کے نزدیک بنگلے کو منہدم کریں: جے ڈی اے کی نرمل سنگھ کو ہدایت

جموں میں فوجی اسلحہ ڈپو کے نزدیک بنگلے کو منہدم کریں: جے ڈی اے کی نرمل سنگھ کو ہدایت

جموں/جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی (جے ڈی اے) نے جموں وکشمیر کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اور سینئر بی جے پی لیڈر ڈاکٹر نرمل سنگھ کو نگروٹہ میں فوج کے اسلحہ ڈپو کے نزدیک واقع بنگلے کو منہدم کرنے کی ہدایت دی ہے۔

جے ڈی اے کا کہنا ہے کہ بان گاؤں میں واقع یہ بنگلہ متعلقہ حکام سے اجازت طلب کرنے کے بغیر ہی تعمیر کیا گیا ہے۔
اتھارٹی کی طرف سے 8 نومبر 2021 کو ڈاکٹر نرمل سنگھ اور ان کی اہلیہ ممتا سنگھ کے نام ایک حکمنامہ جاری ہوا ہے جس میں دونوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ نوٹس کے اجرا ہونے کے بعد پانچ دنوں کے اندر اس غیر قانونی ڈھانچے کو از خود منہدم کریں۔

حکمنامے میں کہا گہا ہے: ’اگر آپ مقررہ وقت کے اندر اس غیر قانونی ڈھانچے کو ہٹانے میں ناکام ہوئے تو جے ڈی اے کی انفورسمنٹ ونگ کے ذریعے اس ڈھانچے کو منہدم کرایا جائے گا اور اس پر آنے والی لاگت لینڈ ریونیو کے بقایا جات کے طور پر آپ سے وصول کی جائے گی‘۔

بتادیں کہ ایڈوکیٹ مظفر علی شان کی طرف سے دائر ایک آر ٹی آئی کے جواب میں جموں وکشمیر انتظامیہ نے سال رواں کے 26 ستمبر کو اس بنگلے کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اکتوبر 2017 میں اس بنگلے کا تعمیری کام شروع ہونے کے ایک ماہ بعد فوج نے جموں کے اس وقت کے ضلع مجسٹریٹ کے نام ایک مکتوب روانہ کیا تھا جس میں ان سے پولیس اور سول انتظامیہ کو یہ کام بند کرنے کے لئے ہدایات دینے کو کہا گیا تھا۔

ڈاکٹر نرمل سنگھ اس وقت جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے پر فائز تھے جس پر وہ 30 اپریل 2018 تک براجمان رہے۔

دریں اثنا ڈاکٹر نرمل سنگھ نے اپنے وکیل سے کہا ہے کہ وہ اس حکمنامے کا عدالت میں چلینج کرے۔


یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.