کشمیر میں برف و باراں کا سلسلہ جاری، معمولات زندگی متاثر

کشمیر میں برف و باراں کا سلسلہ جاری، معمولات زندگی متاثر

سری نگر: وادی کشمیر کے میدانی علاقوں میں گذشتہ دنوں سے جاری موسلا دھار بارشوں اور پہاڑی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری سے معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں۔موسلا دھار بارشوں کے باعث وادی کے میدانی علاقوں کی سڑکیں اور گلی کوچے پانی سے بھری ہوئے ہیں وہیں سری نگر – جموں قومی شاہراہ، مغل روڈ اور سری نگر – لیہہ شاہراہ ویگر پہاڑی سڑکیں ٹریفک کے لئے بند ہیں۔
اطلاعات کے مطابق وادی کے بعض نشینی علاقوں میں پانی گھروں میں بھی گھس گیا ہے جس سے مکینوں کو گونا گوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا رہا ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑکیں اور گلی کوچے ندلی نالوں میں تبدیل ہوئے اور گھروں سے باہر نکلنا از بس محال بن گیا ہے۔دریں اثنا خراب موسم حالات کے پیش نظر حکام نے بعض اضلاع میں پیر کے روز اسکولوں کو بند رکھنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سیاحتی مقامات گلمرگ اور سونہ مرگ میں قریب نصف فٹ تازہ برف جمع ہوئی ہے جبکہ تلیل، گمری اور مینہ مرگ میں 8 سے 12 انچ تازہ برف ریکارڈ ہوئی ہے اور وادی کے دیگر پہاڑی علاقوں میں بھی ہلکی برف باری ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 38.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں64.4 ملی میٹر، کپوارہ میں 40.2 ملی میٹر اور کوکرناگ میں 43.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
وادی کے مشہور سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں بالترتیب 30.2 ملی میٹر اور 51.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
وادی میں جاری خراب موسمی صورتحال کی وجہ سے دریائوں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھ رہی ہے تاہم حکام نے سیلاب کے خطرے کو فی الوقت خارج از امکان قرار دیا ہے۔
محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کی طرف سے کی گئی پیمائش کے مطابق دریائے جہلم میں سنگم کے مقام پر پانی کی سطح 10.98 فٹ، پامپور میں 2 ایم، منشی باغ میں11.33 فٹ، آشم میں 7.90 فٹ، ولر میں 1576.95 ایم اور اس کے ٹریبیوٹریز کھڈونی کے ویشنو نالہ میں پانی کی سطح 7.40 ایم، وچھی کے رامبیارا نالہ میں 1.03 ایم، بٹکوٹ کے لدر نالہ میں0.53 ایم، برزلہ کے دودھ گنگا نالہ میں 2.03 ایم اورت نالہ سندھ میں2.32 ایم ریکارڈ ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری متوقع ہےانہوں نے کہا کہ اس دوران وادی میں گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں ژالہ باری اور تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وادی میں 30 اپریل کو بھی موسم عام طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں یکم مئی سے 5 مئی تک موسم مجموعی طور پر خشک رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری ایڈ وائزری میں کسانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ یکم مئی تک اپنے باغوں اور کھیت کھلیانوں میں آپریشنز بند رکھیں۔
ایڈوائزری کے مطابق اس دوران وادی کے پہاڑی علاقوں میں ٹریفک متاثر رہ سکتا ہے جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو سکتا ہے نیز کچھ علاقوں میں مٹی کے تودے اور چٹانیں کھسک آنے کے بھی خطرات ہیں۔دریں اثنا نا ساز موسمی حالات کے باعث وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں گراوٹ درج ہوئی ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت5.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت8.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت1.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت2.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہں گذشتہ شب کا درجہ حرارت6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت3.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارد کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت6.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت7.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت7.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.