کشمیر میں موسم میں بتدریج بہتری درج، شبانہ درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ

کشمیر میں موسم میں بتدریج بہتری درج، شبانہ درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ

سری نگر: وادی کشمیر میں گذشتہ کچھ دنوں کی قہر انگیز بارشوں کے بعد موسم میں بہتری واقع ہونے کے ساتھ ہی لوگوں نے راحت کی سانس لی ہے۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں 30 اپریل کو موسم مجموعی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ بعد دوپہر کہیں کہیں ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں یکم مئی سے 5 مئی تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی توقع ہے تاہم اس دوران کچھ مقامات پر بعد دوپہر ہلکی بوندا باندی اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وادی میں 6 اور 7 مئی کو کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں۔
موصوف ترجمان کے مطابق سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 23.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں 40.2 ملی میٹر، کپوارہ میں19.8 ملی میٹر اور کوکرناگ میں 35.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔وادی کے مشہور سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں بالترتیب21.0 ملی میٹر اور41.6 ملی میٹر بارش ریکارد ہوئی ہے۔
وادی میں مسلسل بارشوں سے جہاں دریائوں اور ندی نالوں میں پانی کا بہائو تیز تر ہے وہیں سڑکیں اور گلی کوچے بھی پانی سے بھرے ہوئے ہیں اور بعض نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں گھس گیا ہے۔دریں اثنا خراب موسمی صورتحال کی وجہ سے وادی میں شبانہ درجہ حرارت معمول سے کم ریکارڈ ہوا ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارد کیا گیا جو معمول سے6.3 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے5.7 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت0.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے3.7 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت3.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے4.2 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہوقر قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت3.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے4.0 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.