بارہمولہ میں منشیات فروش کی غیر منقولہ جائیداد قرق: پولیس

بارہمولہ میں منشیات فروش کی غیر منقولہ جائیداد قرق: پولیس
سری نگر: منشیات فروشوں کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے جموں وکشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے کنزر علاقے میں ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کی لاکھوں روپیے مالیت کی غیر منقولہ جائیداد کو قرق کر دیا۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بارہمولہ پولیس نے ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کی قریب 50 لاکھ روپیے مالیت کی 9 مرلہ اراضی اور دو منزلہ رہائشی مکان کی صورت میں غیر منقولہ جائیداد کو قرق کر دیا۔انہوں نے منشیات فروش کی شناخت شبیر احمد صوفی ولد عبدالخالق ساکن مازہامہ ماگام کے طور پر کی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ کارروائی این ڈی پی ایس ایکٹ 1985 کے متعلقہ دفعات کے تحت انجام دی گئی اور اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن کنزر میں ایک ایف آئی آر زیر نمبر 5/2024 درج ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی طرف سے تحقیقات کے دوران اس جائیداد کی شناخت غیر قانونی طور حاصل شدہ جائیداد کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس بیان کے مطابق لوگوں نے پولیس کی اس کارروائی کی سراہنا کی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ بارہمولہ پولیس نے ضلع میں سال رواں کے پہلےچار مہینوں کے دوران این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 79 مقدمے درج کرکے 36 سخت گیر منشیات فروشوں سمیت 145 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے اور ان کی تحویل سے ایک کروڑ 88 لاکھ روپیے مالیت کا نشہ آور مواد بھی بر آمد کیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.