پرکشش وعدوں کے ساتھ شروع ہوئی پرینکا کی پرتگیا یاترا

پرکشش وعدوں کے ساتھ شروع ہوئی پرینکا کی پرتگیا یاترا

بارہ بنکی 23 اکتوبر (یو این آئی) کسانوں، خواتین، نوجوانوں اور بے روزگاروں کو اپنے ایجنڈے کے مرکز میں رکھتے ہوئے، کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے ‘ہم وچن نبھایں گے’ کی ٹیگ لائن کے ساتھ ‘پرتگیا یاترا’ کو ہری جھنڈی دکھائی۔
زید پور اسمبلی حلقہ سے ‘پرتگیا یاترا’ کو ہری جھنڈی دکھانے سے پہلے محترمہ واڈرا نے اپنے وعدوں کی پوٹلی کھولی جس میں انہوں نے وعدہ کیا ہے کہ اگر کانگریس اقتدار میں آئی تو لڑکیوں کو اسمارٹ فون اور اسکوٹی دی جائے گی جبکہ کسانوں کا پورا قرض معاف کر دیا جائے گا۔ کورونا مدت کے دوران کا بجلی بل معاف کردیا جائے گا جبکہ اس کے بعد آنے والے بجلی کے بل کا آدھاپیسہ معاف کیا جائے گا۔
کورونا کی وجہ سے عام آدمی کے بگڑے بجٹ کو بہتر بنانے کے لیے ہر خاندان کو 25 ہزار روپے کی مالی امداد دی جائے گی جبکہ 20 لاکھ نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جائے گا۔ دھان اور گندم کی سہارا قیمت 2500 روپے کوئنٹل کی جائے گی۔ اس سے قبل محترمہ واڈرا نے لکھنئو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنے پہلے عزم میں 2022 کے انتخابات میں خواتین کو ٹکٹوں کی تقسیم میں 40 فیصد حصہ دینے کا وعدہ کیا تھا۔
محترمہ واڈرا کے یہ وعدے کانگریس کے انتخابات سے پہلے جاری کئے جانے والے منشور سے مختلف ہوں گے۔
‘پرتگیا یاترا’ کے سلسلے میں پارٹی کے ریاستی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں، سابق ایم پی اور چھتیس گڑھ کے انچارج پی ایل پونیا نے جمعہ کو بتایا تھا کہ تینوں دورے کا آغاز کانگریس جنرل سکریٹری اور اتر پردیش کی انچارج پرینکا گاندھی واڈرا ہری جھنڈی دکھا ضلع بارابنکی سے کریں گی۔ اس موقع پر وہ اتر پردیش انتخابات کے لیے عوام سے کی جانے والی سات قراردادوں کے بارے میں تفصیل سے بتائیں گی۔
عوام کے درمیان اپنی گرفت مضبوط بنانے کے ارادے سے شروع ہوئی پرتگیا یاترا کا پہلا روٹ (وارانسی اودھ) وارانسی سے شروع ہوکر رائے بریلی میں ختم ہوگا۔ جس میں چندولی، سون بھدر، مرزا پور، پریاگ راج، پرتاپ گڑھ، امیٹھی اضلاع شامل ہوں گے۔ اس روٹ کی قیادت سابق ایم پی پرمود تیواری، سابق ایم پی راجیش، سابق ایم ایل اے ندیم جاوید کریں گے۔ بارابنکی سے شروع ہوکر جھانسی میں ختم ہونے والے دوسرے روٹ میں لکھنئو، اناؤ، فتح پور، چترکوٹ، باندا، ہمیر پور، جالون اضلاع شامل ہوں گے۔ اس کی قیادت سابق ایم پی پی ایل پونیا، سابق مرکزی وزیر پردیپ جین آدتیہ اور میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین اور سابق وزیر نسیم الدین صدیقی کریں گے۔
پرتیگیہ یاترا کا تیسرا روٹ سہارنپور سے شروع ہو کر متھرامیں اختتام پذیر ہوگا، جس میں مظفر نگر، وجنیر، مراد آباد، رام پور بریلی، بدایوں، علی گڑھ، ہاتھرس، آگرہ اضلاع شامل ہوں گے۔ اس کی قیادت سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید اور لکھنئو سے کانگریس کے سابق ایم پی امیدوار آچاریہ پرمود کرشنم کریں گے۔
یواین آئی۔الف الف

Leave a Reply

Your email address will not be published.