امت شاہ کے دورے کے پیش نظر سری نگر میں سیکورٹی کے فقید المثال انتظامات

امت شاہ کے دورے کے پیش نظر سری نگر میں سیکورٹی کے فقید المثال انتظامات

سری نگر، 22 اکتوبر :مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے تین روزہ دورہ جموں و کشمیر کے پیش نظر وادی کشمیر بالخصوص شہر سری نگر کے قرب و جوار میں سکیورٹی کا فقید المثال بندوبست کیا گیا ہے۔بتا دیں وزیر داخلہ امت شاہ ہفتے کے روز جموں و کشمیر کے تین روزہ دورہ پر سری نگر پہنچ رہے ہیں۔ یہ پانچ اگست 2019 کے بعد ان کا پہلا دورہ یونین ٹریٹری ہے۔
وزیر داخلہ کے اس دورے کے پیش نظر حکام نے وادی بالخصوص شہر سری نگر کے قرب و جوار میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کو ناکام بنانے کے لئے بھاری تعداد میں سکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔
یو این آئی اردو کے ایک نامہ نگار نے جمعے کے روز شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے بتایا کہ شہر کے تمام علاقوں میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور ناکوں کے جال کو مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جنگی ساز و سامان سے لیس سیکورٹی اہلکار انتہائی چوکنا ہیں اور ناکوں پر موٹر سائیکلوں کی ضبطی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
موصوف نامہ نگار نے بتایا کہ ناکوں پر مسافر بردار گاڑیوں کی بھی تلاشی کی جاتی ہے اور ان میں سوار مسافروں کی بھی جامہ تلاشی اور ان کے شناختی کارڈ بھی چیک کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کئی مقامات پر راہگیروں کو بھی روک کر ان کی تلاشی اور شناختی کارڈ چیک کئے جاتے ہیں۔
نامہ نگار نے بتایا کہ لالچوک، بٹہ مالو، جہانگیر چوک، ہری سنگھ ہائی سٹریٹ، ریگل چوک وغیرہ اور پائین شہر کے منور آباد، رعناواری، خانیار، نوہٹہ وغیرہ میں اہم چوراہوں پر لگے ناکوں پر گاڑیوں، راہگیروں خاص کر موٹر سائیکل سواروں کو روکا جا رہا ہے اور ان کی جامہ تلاشی اور شناختی کارڈوں کی چیکنگ کی جا رہی ہے۔
دریں اثنا وزیر داخلہ کے دورے کے پیش نظر حکام نے سری نگر میں بلیوارڈ روڈ کو بڈیاری چوک سے نشاط تک اور گپکار روڈ کو 23 سے 25 اکتوبر تک بند رکھا ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کا دورہ کشمیر اس وقت ہو رہا ہے جب یہاں حال ہی میں نامعلوم بندوق براداروں کے ہاتھوں اقلیتوں اور غیر مقامی لوگوں کی ہلاکتیں ہوئیں۔
رپورٹس کے مطابق اپنے دورے کے دوران موصوف وزیر داخلہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا فوج، پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کے اعلیٰ افسروں کے ساتھ میٹنگیں کریں گے۔
وزیر داخلہ بی جے پی لیڈروں اور امکانی طور پر پنچایتی راج کے کارکنوں کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.