سری نگر،22 اکتوبر : جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے اتر سو علاقے میں دوران شب آگ کی ایک واردات میں ایک رہائشی مکان اور چار دکان خاکستر ہوگئے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اننت ناگ کے کراڈ اترسو علاقے میں جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب غلام نبی یتو ولد محمد اکبر یتو کے رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے چشم زدن میں متصل ہی واقع دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
انہوں نے بتایا کہ فائر ٹنڈرس اور مقامی لوگوں نے سخت محنت کرکے آگ پر قابو پالیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ آگ کی اس واردات میں غلام نبی یتو کا یک منزلہ رہائشی مکان اور چار دکان خاکستر ہوگئے تاہم کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔
