ڈوڈہ اور اننت ناگ میں سڑک حادثے، خاتون سمیت تین از جان

ڈوڈہ اور اننت ناگ میں سڑک حادثے، خاتون سمیت تین از جان

جموں،22 اکتوبر :جموں و کشمیر کے ڈوڈہ اور اننت ناگ اضلاع میں جمعے کی علی الصبح دو الگ الگ سڑک حادثات میں ایک خاتون سمیت تین افراد کی موت واقع ہوئی۔
ذرائع نے بتایا کہ ضلع ڈوڈہ میں کھلانی نالے کے نزدیک جمعے کی صبح قریب ساڑھے پانچ بجے ایک ٹرک سڑک سے لڑھک کر ایک گہرے نالے میں جا گری۔
انہوں نے بتایا کہ اس حادثے کے نتیجے میں ٹرک ڈرائیور اور اس کے ہلپر کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوئی۔
متوفین کی شناخت منوہر سنگھ ولد کاکہ رام اور سنیل سنگھ ولد پریتم سنگھ ساکنان رہنو اودھم پور کے بطور ہوئی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ابابیل نامی ایک غیر سرکاری تنظیم کے رضاکاروں اور مقامی لوگوں نے متوفین کی لاشوں کو نالے سے بر آمد کیا۔
دریں اثنا اننت ناگ کے کے پی روڈ پر جمعے کی صبح ایک تیز رفتار ٹرک نے ایک خاتون کو زور دار ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئی۔
ذرائع نے بتایا کہ زخمی خاتون کو علاج ومعالجے کے لئے فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا لیکن وہاں ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دیا۔
متوفی خاتون کی شناخت 52 سالہ حسینہ بانو زوجہ محمد یوسف ساکن ایف ایم گلی کے پی روڈ اننت ناگ کے بطور ہوئی ہے۔
ایک پولیس افسر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.