کشمیر میں تازہ برف وباراں کے بعد سردی میں اضافہ درج

کشمیر میں تازہ برف وباراں کے بعد سردی میں اضافہ درج

سری نگر/ وادی کشمیر میں تازہ برف وباراں کے بعد درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہونے سے سردی میں بتدریج اضافہ درج ہو رہا ہے۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں 22 اکتوبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 7.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب کے کم سے کم درجہ حرارت سے قریب 3 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔
سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران3.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے قریب 1 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔ گلمرگ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران1.8 بارش ملی میٹر ریکارڈ ہوئی ہے۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں گذشہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 4.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے قریب 4 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔
پہلگام میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 1.1 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے قریب 2 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر سے جانے والے قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 8.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب کے کم سے کم درجہ حرارت سے قریب 2 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔
ادھر وادی میں منگل کے روز موسم خشک مگر مطلع ابر آلود رہا تاہم آفتاب نے بھی بادلوں کی اوٹ سے باہر نکلنے میں کئی کامیاب کوششیں کیں۔
موسمی خرابی سے سردی میں اضافے کے ساتھ ہی لوگوں نے گرم لباس زیب تن کرنا شروع کر دیا ہے۔
وادی کے بالائی علاقوں میں لوگوں نے روایتی لباس ’پھیرن‘ پہننا اور گرمی کے لئے روایتی ’کانگڑی‘ کا استعمال بھی کرنا شروع کیا ہے جبکہ میدانی علاقوں میں بھی دفتروں اور دکانوں میں گرمی کے لئے الیکٹرک آلات کا استعمال کرنا شروع ہوا ہے۔
یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.