بدھ, دسمبر ۳۱, ۲۰۲۵
8.3 C
Srinagar

سال 2025: دیہی کشمیر میں سڑک حادثات میں 15 فیصد جبکہ اموات میں 22 فیصد کمی ریکارڈ: ایس ایس پی ٹریفک

سری نگر، : کشمیر کے دیہی علاقوں میں سال 2025 کے دوران سڑک حادثات کی شرح میں 15 فیصد جبکہ سڑک حادثات کے نتیجوں میں ہونے والے اموات کی شرح میں 22 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس رورل کشمیر آر پی سنگھ نے بدھ کے روز سال کی اختتامی پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ محکمہ نے دیہی کشمیر میں سڑکوں کی حفاظت کو بہتر بنانے کے لئے نفاذ قانون اور آگاہی سے متعلق متعدد اقدامات کامیابی کے ساتھ نافذ کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سال 2024 کے مقابلے میں سال 2025 میں دیہی کشمیر میں سڑک حادثات میں 15 فیصد جب کہ اموات میں 22 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سال 2024 کے دوران دیہی کشمیر میں کل 1 ہزار 1 سو 79 سڑک حادثات پیش آئے جن کے نتیجے میں 279 اموات ریکارڈہوئیں جبکہ سال 2025 کے دوران یہ تعداد کم ہوکر 1 ہزار سڑک حادثات اور 210 اموات تک رہ گئی۔
موصوف ایس ایس پی نے سڑک حادثات میں کمی ہونے کا سہرا ضلعی پولیس،سول او میونسپل انتظامیہ، انجینئرنگ ونگز، بیکن اور دیگر حکام کے سر باندھا۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا، غیر سرکاری تنظیموں اور طلبہ رضا کاروں خصوصاً این سی سی نے بھی سڑک حادثات کی روک تھام کو یقینی بنانے میں بھر پور رول ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا: ‘ان مہموں کا مقصد جانیں بچانا اور سڑکوں کو محفوظ بنانا ہے’۔
مسٹر سنگھ نے کہا کہ مسافروں کے رویوں میں بھی نمایاں تبدیلی آئی ہے۔
انہوں نے کہا: ‘اب 80 فیصد ڈرائیور سیٹ بیلٹ لگاتے ہیں جبکہ 90 فیصد دوپہیہ گاڑی چلانے والے ہیلمٹ پہن رہے ہیں اس کے علاوہ دکان دار بھی تجاوزات سے گریز کر رہے ہیں’۔
میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے ان کا کہنا تھا: ‘میڈیا نے ہمارے پیغامات کو عام کرنے اور قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانے میں نہایت اہم رول ادا کیا’۔
انہوں نے کہا: میڈیا کی حوصلہ افزائی نے ہمیں درست سمت میں آگے بڑھنے میں مدد کی’۔
ایس ایس پی نے سال آئندہ میں بھی تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرس سے تعاون جاری رکھنے کی اپیل کی تاکہ سڑک حادثات میں مزید کمی لائی جا سکے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img