سری نگر/ انجمن اوقاف جامع مسجد سری نگر نے کشمیر کے بلند پایہ ولی کامل حضرت شیخ العالم، شیخ نو رالدین نورانی ولی ؒ کو ان کے عرس پاک کے موقعہ پر زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ شریعت و طریقت اور حقیقت و معرفت کے پیکر زیبا تھے۔
بتادیں کہ حضرت شیخ العالم، شیخ نو رالدین نورانی ولی ؒ کو پیار اور محبت سے کشمیری عوام ’نند ریشی’ اور ’علمدار کشمیر‘ کے ناموں سے یاد کرتے ہیں۔
انجمن نے اپنے ایک بیان میں کہا: ’ 5 اگست2019 سے مسلسل خانہ نظر بندی کے سبب میر واعظ عمر فاروق اہلیان چرار شریف کی دعوت پر حسب معمول قدیم موصوف آستانہ عالیہ چرار شریف جاکراپنے وعظ و تبلیغ کے دوران حضرت علمدار کشمیرؒ کی عظیم الشان اور ناقابل فراموش دینی، ملی اور اصلاحی خدمات کو خراج عقیدت ادا نہیں کرپا رہے ہیں جو حد درجہ افسوسناک اور کشمیری عوام کے لئے باعث تشویش ہے‘۔
بیان میں شیخ العالمؒ کو ایک اعلیٰ پایہ کے دینی اور روحانی پیشوا اورایک عظیم مصلح اورمربی قرار دیتے ہوئے کہا گیا: ’حضرت علمدار کشمیر نے قرآن حکیم کی ابدی اور لافانی تعلیمات کو ہماری اپنی مادری زبان کشمیری میں پیش کرنے کی ایک انتہائی کامیاب اور مخلصانہ کوشش کی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ صدیاں گذر جانے کے باوجود ان کے کلام کی معنویت، افادیت، اہمیت،چاشنی اور بانکپن میں کوئی کمی نہیں آئی ہے‘۔
بیان میں کہا گیا کہ آپ کے کلام کو آج بھی کشمیری عوام خاص طور پر واعظین و مبلغین پورے جوش و عقیدت کے ساتھ مجالس وعظ و تبلیغ میں پڑھتے اور پڑھاتے آرہے ہیں۔
انجمن نے اپنے بیان میں کہا کہ حضرت شیخ نور الدین ولی ؒ کا عرس منانے کا حق تب ہی ادا ہو سکتا ہے جب کشمیری عوام آج کے سنگین اور تباہ کن حالات کے تناظر میں ان کے دکھائے ہوئے شریعت اور طریقت اور خدمت خلق کے راستے کی حقیقی معنوں میں عملی طور پر پیروی کرے۔
یو این آئی-