جمعرات, جولائی ۱۰, ۲۰۲۵
24.1 C
Srinagar

جموں و کشمیر سٹیٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی اخروٹ اتارنے والے مزدوروں کو تازہ گائیڈ لائنز

سری نگر،20 ستمبر (یو این آئی) وادی کشمیر میں اخروٹ کے درختوں سے گر کر اموات واقع ہونے کے پیش نظر جموں و کشمیر سٹیٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے اس نوعیت کے واقعات کی روک تھام کے لئے تازہ گائیڈ لائنز جاری کی ہیں۔

بتادیں کہ وادی کے قرب و جوار میں اخروٹ اتارنے کے دوران مزدوروں کا درختوں سے گر کر فوت ہونے یا عمر بھر کے لئے معذور ہونے کے واقعات لگ بھگ آئے روز وقوع پذیر ہو رہے ہیں۔

سینٹر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اخروٹ اتارنا اس پیشے سے وابستہ لوگوں کے لئے انتہائی خطرناک ثابت ہو رہا ہے۔بیان میں درختوں سے اخروٹ اتارنے کے دوران احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ صرف تجربہ کار اور تربیت یافتہ مزدور ہی درختوں پر چڑھ کر اخروٹ اتارنے کا کام کریں۔سینٹر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مزدور ہیلمٹ لگا کر درخت پر چڑھ جائیں اور اپنی آپ کو رسی سے بھی باندھیں۔

درختوں پر چڑھنے والے مزدوروں سے کہا گہا ہے کہ وہ درخت پر چڑھتے وقت لمبی سیڑھیوں کا استعمال کریں اور پھسلن والے جوتے نہ پہنیں۔ درخت کے نیچے پڑے پتھروں، شہتیروں وغیرہ کو صاف کریں۔

مزدوروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ درخت پر ایک مضبوط جگہ پر بیٹھیں اور اپنا توازن بر قرار رکھیں اور اس کے بعد اخروٹ اتارنے کا کام شروع کریں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img