دو کشمیری کھلاڑیوں کی جسمانی طور ناخیز افراد کی قومی کرکٹ ٹیم میں شمولیت باعث افتخار: منوج سنہا

دو کشمیری کھلاڑیوں کی جسمانی طور ناخیز افراد کی قومی کرکٹ ٹیم میں شمولیت باعث افتخار: منوج سنہا

سری نگر، 18 اگست (یو این آئی) جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ضلع اننت ناگ کے فیروز احمد گنائی اور ضلع بڈگام کے نعیم احمد ملہ کے بھارت کے جسمانی طور ناخیز افراد کی کرکٹ ٹیم میں شامل ہونے کو یونین ٹریٹری کے لئے باعث افتخار قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے ساتھ کھیلی جانے والی یک روزہ میچوں کی سیریز میں ان کھلاڑیوں کی کارکردگی سے جموں و کشمیر کے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز اپنے ایک ٹویٹ میں کیا ہے۔
ان کا ٹویٹ میں کہنا تھا: ‘بورڈ آف ڈس ایبلڈ کرکٹ ایسوسی ایشن انڈیا کی طرف سے ضلع اننت ناگ سے تعلق رکھنے والے فیروز احمد گنائی اور ضلع بڈگام سے تعلق رکھنے والے نعیم احمد ملہ کو بھارتی کرکٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جو جموں و کشمیر کے لئے فخر کی بات ہے۔ بنگلہ دیش کے ساتھ کھیلی جانے والی یک روزہ میچوں کی سیریز میں آپ کی کارکردگی سے جموں و کشمیر کے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور بھارت کا سر فخر سے بلند ہوگا’۔
بتا دیں کہ ضلع بڈگام کے آرتھ سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ نعیم احمد ملہ، جو پیشے کے لحاظ سے ایک شال فروش ہے، نے پہلے ہی قومی سطح پر کھیلا ہے۔
ان کو یک روزہ میچوں کے علاوہ ٹیسٹ کرکٹ اور ٹی ٹونٹی میچز میں بھی ملک کی نمائندگی کرنے کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔
ضلع اننت ناگ کے پنجپورہ بجبہاڑہ سے تعلق رکھنے والے فیروز احمد گنائی کو حیدرآباد میں بورڈ آف ڈس ایبلڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کی طرف سے منعقدہ کرکٹ سیلکشن کیمپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
سال 2014 میں ایک سڑک حادثے کا شکار ہونے کے بعد فیروز کا اپنا سپورٹس کیرئیر جاری رکھنا مشکل بن گیا تھا لیکن انہوں نے بورڈ آف ڈس ایبلڈ کرکٹ ایسوسی ایشن میں شمولیت اختیار کر کے اپنے خوابوں کو چکنا چور نہیں ہونے دیا۔
یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.