کولگام جھڑپ:ایک غیر مقامی جنگجو جاں بحق ،آپریشن مکمل ،بڑا حادثہ ٹالا گیا:آئی جی پی

کولگام جھڑپ:ایک غیر مقامی جنگجو جاں بحق ،آپریشن مکمل ،بڑا حادثہ ٹالا گیا:آئی جی پی

کولگام /کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار کا کہنا ہے کہ جنوبی ضلع کولگام کے مالپورہ میں مسلح تصادم میں  ایک جنگجو کو جاں بحق ہوا جبکہ دوسرا ممکنہ طور پر فرار ہوا ۔

انہوں نے کہا: ‘اب تک ایک  ملی ٹنٹ کو ہلاک کیا گیا ہے۔ جو لشکرطیبہ سے وابستہ تھا اور غیر مقامی ہے’۔اس ہلاکت کیساتھ ہی یہ جھڑپ اختتام پذیر ہوئی ۔

واضح رہے کہ جنگجووں نے جمعرات کو سہ پہر کے وقت کولگام میں سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر بی ایس ایف کی ایک کانوائے پر حملہ کر دیا جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے ان کو محاصرے میں لیا۔

آئی جی پی کے مطابق: ‘دہشت گردوں نے کولگام میں قومی شاہراہ پر بی ایس ایف کی ایک کانوائے پر فائرنگ کی۔ اس میں بی ایس ایف کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔ تاہم دہشت گرد پھنس کر رہ گئے ہیں’۔

ان کا مزید کہنا تھا: ‘سکیورٹی فورسز کے محاصرے میں پھنسنے والے جنگجووں کا تعلق لشکر طیبہ سے ہے۔ فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز کے دو اہلکار اور دو عام شہری زخمی ہوئے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ کم از کم نقصان ہو کیوں کہ جس عمارت میں جنگجو چھپے بیٹھے ہیں وہ ایک بہت بڑی عمارت ہے’۔

اس دوران کولگام پولیس نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ مالپورہ، جہاں مسلح تصادم ہو رہا ہے، سے 22 عام شہریوں بشمول 12 دکانداروں، 6 خواتین اور 4 غیر مقامی مزدوروں کو بحفاظت نکال کر محفوظ جگہوں پر منتقل کیا گیا ہے۔

یو این آئی 

Leave a Reply

Your email address will not be published.