کشتواڑ فلیش فلڈ: لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے آپریشن دوسرے روز بھی جاری

کشتواڑ فلیش فلڈ: لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے آپریشن دوسرے روز بھی جاری

جموں،29 جولائی (یو این آئی) جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے ہونزر دچھن علاقے میں گذشتہ روز فلیش فلڈس کا واقعہ پیش آنے کے بعد لاپتہ ہونے والے 19 افراد کی تلاش کے لئے جمعرات کی صبح بچاؤ آپریشن بحال ہوا۔
ضلع کشتواڑ کے ہونزر دچھن علاقے میں بدھ کو بادل پھٹنے کے واقعے کے بعد آنے والے سیلابی ریلوں کے نیتجے میں سات افراد جاں بحق، ڈیڑھ درجن زخمی جبکہ 19 دیگر لاپتہ ہوئے تھے۔
دریں اثنا جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ جائے واردات پر جمعرات کو بچاؤ اور ریلیف آپریشن کے لئے این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی دو مشترکہ ٹیمیں پہنچ رہی ہیں۔


ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ سیلابی ریلے سے پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے جموں زون پولیس کے اے ڈی جی پی مکیش سنگھ صوبائی کمشنر جموں ڈاکٹر راگھو لنگر کے ہمراہ ہونزر دچھن پہنچ گئے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے ہمراہ دیگر اعلیٰ افسران بھی تھے۔
موصوف نے کہا کہ ایس ایس پی کشتواڑ شفقت حسین بٹ گذشتہ روز سے ہی دچھن میں خیمہ زن ہیں جہاں وہ پولیس، ضلع انتظامیہ، فوج اور ایس ڈی آر ایف کی طرف سے چلائے جا رہے ریسکیو آپریشن کی سربراہی کر رہے ہیں۔
ادھر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کو اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’کشتواڑ ریسکیو آپریشن: این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ایک مشترکہ ٹیم جموں سے صبح کے پونے چھ بجے بذریعہ روڈ کشتواڑ روانہ ہوئی ہے ۔ 4 ایس ڈی آر ایف اور 10 این ڈی آر ایف کی دوسری ٹیم ضروری ساز وسامان کے ساتھ جموں ہوائی اڈے سے کشتواڑ کی طرف روانہ ہوئی‘۔
ان کا ایک اور ٹویٹ میں کہنا تھا کہ سری نگر سے بھی ضروری ساز و سامان کے ساتھ بچاؤ ٹیموں کو جائے واردات کی طرف روانہ کیا جا رہا ہے۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.