سری نگر/صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے پیر کے روز شمالی ضلع بارہمولہ میں 1999 کی کرگل جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
صدر جمہوریہ کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا گیا: ‘کرگل وجے دیوس کے موقع پر صدر جمہوریہ کووند نے ڈیگر وار میموریل بارہمولہ پر پھول مالا چڑھائی۔ اُن تمام سپاہیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے ملک کے دفاع میں اپنی جانیں قربان کیں’۔
صدر جمہوریہ ہند کو دراصل خطہ لداخ کے دراس جانا تھا جہاں انہیں وار میموریل پر منعقد ہونے والی ایک تقریب میں کرگل جنگ کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا۔ تاہم موسم کی خرابی کی وجہ سے صدر جمہوریہ کے پروگرام میں تبدیلی لائی گئی اور متذکرہ تقریب بارہمولہ میں منعقد کی گئی۔
بارہمولہ میں منعقد ہونے والی تقریب میں صدر جمہوریہ ہند کے علاوہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، فوج، سول و پولیس انتظامیہ کے سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔
بارہمولہ سے صدر جمہوریہ کے کارواں نے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ کا رخ کیا جہاں انہوں نے ہائی آلٹیٹیوڈ وار فیئر سکول میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کی۔
بتا دیں کہ صدر جمہوریہ گزشتہ روز اپنے چار روزہ دورہ جموں و کشمیر اور لداخ کے لئے سری نگر پہنچے۔صدر جمہوریہ 27 جولائی کو سری نگر میں کشمیر یونیورسٹی کے 19 ویں سالانہ جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کریں گے۔
صدر جمہوریہ امکانی طور پر نئی دہلی روانگی سے قبل وادی میں شری امرناتھ جی گھپا یا جموں کے کٹرہ میں شری ماتا ویشنو دیوی مندر میں حاضری دیں گے۔
یو این آئی