کشمیر: حضرت شاہ ہمدان کا عرس تزک و احتشام سے منایا گیا

کشمیر: حضرت شاہ ہمدان کا عرس تزک و احتشام سے منایا گیا

سری نگر/ سری نگر کے خانقاہ معلیٰ علاقے میں ہفتے کو دو سال بعد حضرت میر سید علی ہمدانی معروف بہ حضرت شاہ ہمدان کا 656 واں عرس مبارک انتہائی تزک و احتشام اور مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔
حضرت شاہ ہمدان کے نام سے منسوب خانقاہ معلیٰ میں عقیدت مندوں کا تانتا بندھا رہا اور نماز ظہرین میں کافی تعداد میں نمازیوں جن میں زن و مرد شامل تھے، نے شرکت کی۔
بتا دیں کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران اس عرس مبارک کے موقع پر خانقاہ معلیٰ میں کسی بھی تقریب کا اہتمام نہیں کیا گیا۔
یو این آئی اردو کے نمائندے نے خانقاہ معلیٰ کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ عقیدت مند جوش و خروش کے ساتھ آستان عالیہ کے احاطے میں داخل ہو رہے تھے اور اپنے اپنے حاجات کی روائی اور کورونا وبا کے خاتمے کے لئے دعائیں کر رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ نماز ظہرین میں کافی بڑی تعداد میں نمازیوں جن میں زن و مرد شامل تھے، نے شرکت کی۔
موصوف نے کہا کہ کورونا گائیڈ لائنز کا خاص رکھا جا رہا تھا اور عقیدت مند فیس ماسک لگا کر ہی آستان کے احاطے میں داخل ہو رہے تھے۔
قابل ذکر ہے کہ سری نگر میں دریائے جہلم کے کنارے پر واقع حضرت شاہ ہمدان سے منسوب زائد از 600 سال پرانی زیارت گاہ ‘تاریخی خانقاہ معلیٰ’ کے دروازے سال گزشتہ کورونا لاک ڈاؤن کے باعث مقفل رہے۔
یہ عرس سال 2019 میں پانچ اگست کو مرکزی حکومت کی طرف سے لئے جانے والے فیصلوں سے پیدا شدہ صورتحال کے پیش نظر بھی ملتوی ہی رہا تھا۔
اس عرس مبارک کے موقع پر وادی کے گوشہ و کنار سے ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند اس ولی بزرگ کے مزار پر حاضر ہو جایا کرتے ہیں اور اپنے اپنے حاجات کی روائی کے لئے دعائیں مانگا کرتے ہیں۔
تاریخی اعتبار سے حضرت میر سید علی ہمدانی وادی کشمیر میں دین اسلام کی تبلیغ کرنے والے مبغلوں کی فہرست میں سر فہرست ہیں۔ آپ چودہویں صدی میں قریب سات سو سادات کے ہمراہ کشمیر وارد ہوئے اور یہاں اسلام کی تبلیغ کے ساتھ ساتھ لوگوں کو مختلف فنون سے بھی آراستہ وپیراستہ کیا جو ان کی روزی روٹی کی سبیل بن گیا۔

یو این آئی

One Response to "کشمیر: حضرت شاہ ہمدان کا عرس تزک و احتشام سے منایا گیا"

Leave a Reply

Your email address will not be published.