سری نگر/ وادی کشمیر میں خشک و خوشگوار موسم کے بیچ محکمہ موسمیات نے موسم ایک بار پھر نا ساز ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی کشمیر میں 10 مئی سے 16 مئی تک موسم ناساز رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران 12 اور 15 مئی کو موسلا دھار بارشیں ہوسکتی ہیں۔
دریں اثنا وادی میں پیر کی صبح سے موسم خشک و خوشگوار رہا تاہم مطلع پر بادل بھی چھائے رہے جنہوں نے آفتاب کو چھپانے کی کئی کامیاب کوششیں بھی کیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 11.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 5.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 9.4 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کشمیر کے گیٹ وے ٹاؤن سے جانے والے قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 8.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔جنوبی کشمیر کے ککرناگ میں کم سے کم درجہ حرارت 8.6 سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
یو این آئی