رام بن میں فوجی اہلکار کی مبینہ خودکشی

رام بن میں فوجی اہلکار کی مبینہ خودکشی

سری نگر/ جموں و کشمیر کے ضلع رام بن کے اکھرال میں گذشتہ رات ایک فوجی اہلکار نے مبینہ طور پر اپنی ہی سروس رائفل سے اپنی زندگی تمام کر دی ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع رام بن کے اکھرال علاقے میں گذشتہ رات فوج کی 12 راشٹریہ رائفلز یا آر آر کے ایک سپاہی ہنومان چوہدری نے مبینہ طور پر اپنے ہی سروس بندوق سے اپنی زندگی کا خاتمہ کر دیا۔

انہوں نے بتایا کہ اگرچہ فوجی اہلکار کو نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہاں ڈاکٹروں نے ان کو مردہ قرار دیا۔پولیس پوسٹ اکھرال کے انچارج کی طرف سے جاری ایک مختصر بیان کے مطابق انہیں 12 آر آر کے کیمپ سے اطلاع ملی کہ ہنومان چوہدری نامی سپاہی نے گذشتہ رات ساڑھے بارہ بجے اپنی اے کے 47 رائفل سے خود پر گولی چلائی۔

اس میں مزید کہا گیا ہے کہ واقعہ کی نسبت متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کر کے تحقیقات شروع کی گئی ہیں نیز مزید تحقیقات کے لئے پولیس کی ایک پارٹی جائے واردات کی طرف روانہ ہوئی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ سیکورٹی اداروں کی جانب سے یوگا اور آرٹ آف لیونگ کی سرگرمیاں متعارف کرانے کے باوجود بھی جموں و کشمیر میں تعینات سیکورٹی فورس اہلکاروں میں خودکشی کے رجحان میں کوئی کمی نہیں آ رہی ہے۔

سابق مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع سبھاش بھامرے نے ماہ فروری میں راج سبھا میں فوجی جوانوں کی طرف سے خودکشیاں کرنے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ سال 2018 کے دوران 80 فوجی اہلکاروں نے خودکشی کی جبکہ ہوائی فوج میں 16 اہلکاروں اور نیوی میں 8 اہلکاروں نے خود کشی کی۔

انہوں نے کہا کہ سال 2017 میں 75 فوجی اہلکاروں کے بارے میں شک کیا جاتا ہے کہ انہوں نے خود کشی کی ہے جبکہ سال 2016 میں 104 فوجی اہلکاروں کی موت خودکشی کرنے سے واقع ہوئی ہے۔


یو این آئی

 

Leave a Reply

Your email address will not be published.