سکاسٹ۔کشمیر کے طلبہ سے اختراعی خیالات کو کاروباری منصوبوں میں تبدیل کرنے کی اپیل، کہا: کاروبار کے ذریعے جموں و کشمیر کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں
سرینگر، 11 نومبر: لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کے روز شیرِ کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی آف کشمیر (سکاسٹ ۔کشمیر) کے طلبہ پر زور دیا کہ وہ کاروباری سرگرمیوں کی جانب قدم بڑھائیں۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ کے اقدامات سے نہ صرف ان کے اپنے روزگار کے مواقع پیدا ہونے چاہئیں بلکہ جموں و کشمیر کے دیگر نوجوانوں کے لیے بھی روزگار کے دروازے کھلنے چاہئیں۔
سکاسٹ۔کشمیر میں مختلف بنیادی ڈھانچے کی سہولیات کا افتتاح کرنے کے موقع پر منعقدہ تقریب کے دوران طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ طلبہ اپنے ابتدائی تجرباتی تصورات (پروٹوٹائپ) کو آگے بڑھاتے ہوئے کسانوں کی ضروریات کے مطابق عملی حل تیار کریں گے، جس سے جموں و کشمیر کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر شناخت حاصل ہوگی۔
اس بات کا اعتراف کرتے ہوئے منوج سنہا نے کہا کہ کہ ماضی میں زرعی علوم سے فارغ التحصیل طلبہ کے لیے روزگار کے مواقع محدود رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران سکاسٹ۔کشمیر میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔
انہوں نے نئی قائم شدہ ڈائریکٹوریٹ پر زور دیا کہ وہ طلبہ کو اپنا کاروبار اور ادارے قائم کرنے کے لیے ایک سازگار پلیٹ فارم فراہم کرے۔
طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے انہیں بیجوں کی جانچ، کولڈ چین پر مبنی اسٹارٹ اپس اور اسمارٹ ہیلتھ کیئر خدمات جیسے شعبوں میں دستیاب مواقع تلاش کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے نوجوان فارغ التحصیل طلبہ خود کفیل بن سکیں گے اور دوسروں کے لیے بھی روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے کہا، ’’اس اقدام سے دوسروں کے لیے بھی روزی روٹی کمانے کے نئے راستے کھلیں گے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ سکاسٹ۔کشمیر کے طلبہ کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے اپنے خیالات کو عملی حل میں تبدیل کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا، ’’اگر ہمیں جموں و کشمیر کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ دیکھنا ہے تو اس میں مرکز کے زیر انتظام علاقے کا کردار انتہائی اہم ہے۔ مجھے یقین ہے کہ زرعی یونیورسٹی کشمیر مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ یونیورسٹی اور جدید زراعت کی تعمیر کے لیے اپنی ذمہ داری بخوبی نبھا رہی ہے۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا،: ’’میرا ماننا ہے کہ کسی بھی ملک کو درپیش ہر چیلنج اور مشکل کا حل ایک زرعی یونیورسٹی میں تلاش کیا جا سکتا ہے۔‘‘
(کے این او)





