جموں ایئرپورٹ کو بند کرنے کا فیصلہ منسوخ، فلائٹ آپریشنز کے اوقات میں کمی

جموں ایئرپورٹ کو بند کرنے کا فیصلہ منسوخ، فلائٹ آپریشنز کے اوقات میں کمی

جموں، 20 فروری : ایئرپورٹ اتھارٹی آف انڈیا اور انڈین ایئر فورس نے جموں ایئرپورٹ کو 6 سے 20 مارچ تک بند رکھنے کا منصوبہ ترک کرتے ہوئے اس کی بجائے 10 مارچ سے 19 اپریل تک فلائٹ آپریشنز کے اوقات میں کمی لانے کا فیصلہ لیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے یہاں یو این آئی کو بتایا کہ جموں ایئرپورٹ پر صبح چھ بجے سے دوپہر ایک بجے تک فلائٹ آپریشنز چلانے کا فیصلہ لیا گیا ہے تاکہ فلائٹ آپریشنز کو جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ رن وے کی مرمت کا کام بھی انجام دیا جا سکے۔
انہوں نے کہا: ‘ایئرپورٹ اتھارٹی آف انڈیا اور انڈین ایئر فورس کے اہلکاروں کی جمعے کو جموں ایئرپورٹ بند کرنے کے معاملے پر تفصیلی میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ فلائٹ آپریشنز اور مرمتی کام کو ساتھ ساتھ انجام دیا جائے گا۔ 10 مارچ سے 19 اپریل تک فلائٹ آپریشنز صبح چھ بجے سے دوپہر ایک بجے تک جاری رہیں گی۔ اس دوران آخری فلائٹ کی روانگی دوپہر بارہ بجکر 50 منٹ پر ہوگی’۔
انہوں نے کہا: ‘ڈبلیو 208 ایس 21 سیزن کے پیش نظر فلائٹ سلاٹس میں تبدیلی لائی جا رہی ہے۔ 20 اپریل کے بعد جموں ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشنز معمول کے مطابق چلیں گی’۔
ذرائع نے بتایا کہ 18 فروری کو قومی راجدھانی نئی دہلی میں منعقد ہونے والی میٹنگ، جس کی صدارت دفاعی سکریٹری اجے کمار نے کی، میں جموں ایئرپورٹ کو رن وے ری سرفیسنگ ورک کے پیش نظر بند کرنے کے معاملے پر بات چیت ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ ایئرپورٹ کو مکمل طور پر بند کرنے سے نہ صرف عام لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا بلکہ اس سے جموں و کشمیر کو ملک کے دیگر حصوں کے ساتھ جوڑنے رکھنے کے حوالے سے اٹھائے جا رہے اقدامات پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسی میٹنگ میں متعلقین نے مرمتی کام اور فلائٹ آپریشنز کو ایک ساتھ جاری رکھنے کا فیصلہ لیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.