سری نگر/ وادی کشمیر اتوار کی علی الصبح میدانی و بالائی علاقوں میں برف باری ہونے سے ایک بار پھر سفید لباس میں ملبوس ہوگئی۔وادی میں اس تازہ برف باری سے جہاں ایک طرف فضائی و زمینی ٹرانسپورٹ متاثر ہوا وہیں دوسری طرف مطلع ابر آلود رہنے سے شبانہ سردی کی شدت میں قدرے کمی واقع ہوئی۔
محکمہ موسمیات ایک عہدیدار نے بتایا کہ وادی کے بعض علاقوں میں دوران شب ہی جبکہ بعض میں اتوار کی علی الصبح برف باری شروع ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ شمالی کشمیر میں ہلکے درجے کی جبکہ وسطی و جنوبی کشمیر میں درمیانی درجے کی برف باری ہوئی۔
موصوف نے مزید کہا کہ وادی کشمیر میں اتوار کی دوپہر سے اتوار کی شام تک موسم بہتر ہوسکتا ہے تاہم بعد میں برف باری کا سلسلہ دوباہ شروع ہوسکتا ہے۔سری نگر میں تین سے چار انچ تازہ برف جمع ہوئی ہے جبکہ جنوبی کشمیر میں کم و بیش نو انچ تازہ برف جمع ہوئی ہے۔
وادی کشمیر کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم چار انچ تازہ برف جمع ہوئی ہے جبکہ دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں پانچ سے چھ انچ تازہ برف جمع ہوئی ہے۔
ادھر تازہ برف باری سے وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی 270 طویل سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر اتوار کی صبح ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل بند کر دی گئی۔متعلقہ حکام نے بتایا کہ قومی شاہراہ پر جواہر ٹنل کے آر پار قریب دس انچ تازہ برف جمع ہوئی ہے جس کی وجہ سے ٹریفک بند کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ برف کو ہٹانے کے لئے متعلقہ ایجنسیوں نے مشینری اور نفری کو کام پر لگا دیا ہے۔وادی کشمیر کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی 434 کلو میٹر طویل سری نگر- لیہہ شاہراہ پر 31 دسمبر سے ٹریفک کی نقل و حمل بند کر دی گئی ہے جبکہ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر قریب تین ہفتوں سے ٹریفک مسلسل بند ہے۔
نامساعد موسمی حالات کے پیش نظر سری نگر ہوائی اڈے پر اتوار کی صبح پروازیں معطل کی گئیں۔متعلقہ حکام نے بتایا کہ موسمی حالات کے پیش نظر ہی دن میں پروازوں کی بحالی کا فیصلہ لیا جائے گا۔دریں اثنا وادی کشمیر میں مطلع ابر آلو رہنے سے شبانہ درجہ حرارت میں بہتری واقع ہوئی ہے۔
متعلقہ محکمہ کے مطابق گرمائی دارالحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.3 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ اور ککر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔