دھورڈو (گجرات)// وزیر اعظم نریندر مودی نے آج دعوی کیا ہے کہ ان کی حکومت کو ملک بھر کے کسانوں کا آشیرواد حاصل ہے مسٹر مودی نے آج یہاں ایک پروگرام کے دوران کہا کہ دہلی کے آس پاس کسانوں کو گمراہ کرنے کی بہت سازشیں ہو رہی ہیں۔ انہیں خوفزدہ کیا جارہا ہے کہ ان کی زمینوں پر قبضہ کرلیا جائے گا۔
زراعتی اصلاحات کا مطالبہ برسوں سے کسان تنظیموں کی جانب سے کیا جا رہا تھا، تاکہ کسانوں کو اپنی پیداوار کو مطلوبہ مقام پر بیچنے کی آزادی حاصل ہو۔ جب اپوزیشن جماعتیں برسر اقتدار تھیں، ان کی حکومتیں یہ کام نہیں کرسکتی تھیں، لیکن جب موجودہ حکومت نے تاریخی زراعتی قوانین بنائے ہیں، تو وہ کسانوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے دعوی کیا کہ ان کی حکومت کسانوں کے ہر شبہ کو دور کرنے کے لئے 24 گھنٹے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ‘میں ایک بار پھر کسان بھائی بہنوں سے کہہ رہا ہوں کہ ان کی حکومت کی پہلی ترجیح پہلے دن سے یہی رہی ہے کہ کسانوں کی آمدنی میں اضافہ کیا جائے، کاشتکاری پر ان کی لاگت کو کم کیا جائے اور ان کی مشکلات پر قابو پایا جائے۔
مسٹر مودی نے کہا کہ ‘ہماری حکومت کو ملک بھر کے کسانوں نے آشیرواد دیا ہے اور یہ طاقت سیاست کرنے والوں اور کسانوں کے کاندھوں پر بندوق رکھ کر چلانے والوں کو شکست دے گی
(یو این آئي)