جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال کی ذمہ دار بی جے پی ہی نہیں بلکہ نینشل کانفرنس اور پی ڈی پی بھی ہے: الطاف بخاری

جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال کی ذمہ دار بی جے پی ہی نہیں بلکہ نینشل کانفرنس اور پی ڈی پی بھی ہے: الطاف بخاری

سری نگر،/ جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال کی ذمہ دار صرف بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) ہی نہیں ہے بلکہ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی بھی بری الذمہ نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں انتخابی حلقوں کی سر نو حد بندی میں حق تلفی نہیں ہونے دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگوں نے یہ بات اب سمجھ لی ہے کہ انتخابات اور کشمیر مسئلہ دو الگ الگ معاملے ہیں۔
موصوف نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز یہاں شیر کشمیر پارک سری نگر میں منعقدہ پارٹی ریلی کے حاشئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ کیا۔
انہوں نے کہا: ’میں بی جے پی کو جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال کے لئے اتنا ہی مورد الزام ٹھہراتا ہوں جتنا میں نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کو ٹھہراتا ہوں‘۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں انتخابی حلقوں کی از سر نو حد بندی میں کسی کے ساتھ حق تلفی نہیں ہوگی اور اگر ایسا ہوا تو میں آواز بلند کرنے سے کوئی گریز نہیں کروں گا۔
مسٹر بخاری نے کہا کہ ان انتخابات میں لوگوں نے نینشل کانفرنس اور پی ڈی پی کے اس بیانیے کی نفی کردی کہ جو ووٹ ڈالے گا وہ کشمیر معاملے کے خلاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں نے اب یہ بات سمجھ لی ہے کہ انتخابات اور کشمیر مسئلہ دو الگ الگ معاملے ہیں۔
اپنی جماعت کی ترقی و فروغ کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا: ’ہماری جماعت کے آج نو ماہ مکمل ہوئے ہم یہ دعویٰ نہیں کریں گے کہ ہم ڈی ڈی سی انتخابات میں بھاری جیت حاصل کریں گے لیکن یہ ضرور کہیں گے کہ ہم اپنی ایک چھاپ ضرور ڈالیں گے‘۔
پیپلز الائنس برائے گپکار اعلامیہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے مسٹر بخاری نے کہا: ’یہ پرانی جماعتوں کا اتحاد ہے انہیں کسی چلینج نے ہی متحد کیا ہوگا‘۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے یہ اتحاد کوئی چلینج نہیں ہے۔
یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.