سری نگر،/وسطی ضلع بڈگام کے پائمس علاقے میں منگل کے روز اس وقت کھلبلی اور خوف و ہراس پھیل گیا جب ایک چیتا گاؤں میں نمودار ہوکر ایک رہائشی مکان میں داخل ہوگیا تاہم مقامی لوگ مکان سے مکینوں کو بحفاظت نکالنے میں کامیاب ہوگئے۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ منگل کے روز پائمس جو ضلع ہیڈ کوارٹر بڈگام سے زیادہ سے زیادہ پانچ چھ کلو میٹر کی دوری پر واقع ہے، میں لوگوں نے ایک چیتے کو دیکھا جس سے گاؤں میں کھلبلی مچ گئی اور خوف و ہراس پھیل گیا۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ وائلڈ لائف کو مطلع کرنے تک چیتا ایک رہائشی مکان میں داخل ہوگیا تھا تاہم لوگوں نے مکینوں کو نکال کر چیتے کے قہر سے بچا لیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ چیتے کو دیکھتے ہی لوگوں نے اپنے بچوں کو گھروں میں ہی بند کر لیا۔
دریں اثنا وائلڈ لائف انچارج سہیل احمد قاضی کا کہنا ہے کہ ایک ٹیم کو جائے موقع پر بھیج دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پائمس بڈگام میں چیتے کے نمودار ہونے کی اطلاع موصول ہوتے ہی ہم نے ایک ٹیم کو جائے موقع کی طرف روانہ کردیا ہے۔
یو این آئی