ڈی ڈی سی انتخابات کے ساتویں مرحلے کی پولنگ کل،298 امیدوار میدان میں

ڈی ڈی سی انتخابات کے ساتویں مرحلے کی پولنگ کل،298 امیدوار میدان میں

سری نگر/ جموں و کشمیر کے الیکشن کمشنر کے کے شرما نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں بدھ کے روز ہونے والی ڈی ڈی سی انتخابات کے ساتویں مرحلے کی پولنگ کے لئے تمام تر حفاظتی و دیگر ضروری انتظامات کو حمتی شکل دی گئی ہے اور پولنگ عملے اور سیکورٹی فورسز کو اپنے اپنے بوتھوں کی طرف روانہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں بدھ کے روز 31 انتخابی حلقوں میں پولنگ ہوگی اور اس مرحلے کی پولنگ کے لئے رائے دہندگان کی تعداد قریب 7 لاکھ ہے۔
موصوف نے منگل کے روز جموں میں ایک پریس کانفرنس کے دوران تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا: ’جموں و کشمیر کل 280 ڈی ڈی سی انتخابی حلقے ہیں جن میں سے پہلے چھ مرحلوں میں 221 حلقوں میں ووٹنگ ہوگئی ہے اور اب 59 حلقوں میں ووٹنگ ہونی ہے جن میں سے 31 انتخابی حلقوں میں بدھ کے روز ووٹنگ ہوگی‘۔
انہوں نے کہا کہ ان 31 انتخابی حلقوں میں سے 13 حلقے کشمیر میں جبکہ 18 حلقے جموں میں ہیں۔
لوگوں کو ووٹ ڈالنے کے لئے باہر آنے کی اپیل کرتے ہوئے مسٹر شرما نے کہا: ’ڈی ڈی سی انتخابات کے ساتویں مرحلے کے لئے رائے دہندگان کی کل تعداد قریب چھ لاکھ نوے ہزار ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ساتویں مرحلے کی پولنگ میں کل 298 امیدوار قسمت آزمائی کر رہے ہیں جن میں سے148 کا تعلق کشمیر سے جبکہ 150 امیدوار صوبہ جموں کے ہیں۔
موصوف نے کہا کہ ساتویں مرحلے کی پولنگ کے لئے کشمیر میں 1068 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں جبکہ جموں میں 785 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی شر پسند کو پولنگ میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.