جموں، //جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر برف باری سے پیدا ہونے والی صورتحال میں بھارتی فوج لوگوں کے لئے بچاؤ کارروائیاں انجام دینے کے لئے پوری طرح سے تیار ہے۔
دفاعی ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ سری نگر – جموں قومی شاہراہ کے بعد مغل روڈ ہی وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والا دوسرا راستہ ہے۔
انہوں نے کہا: ‘لیکن اس 86 کلو میٹر طویل روڈ میں سے 31 کلو میٹر ماہ دسمبر سے ماہ مارچ تک زیر برف رہتے ہیں اور 6 کلو میٹر ایسے ہیں جن پر برفانی تودے اور چٹانیں کھسک آتی ہیں ایسی صورتحال میں بسا اوقات مسافر پھنس جاتے ہیں’۔
ان کا کہنا تھا کہ فوج نے ماضی میں بھی ان کی مدد کی ہے اور رواں موسم سرما کے دوران بھی مسافروں کی مدد کے لئے پوری طرح سے تیار ہے۔
مذکورہ ذرائع نے کہا کہ فوج ہر سال پولیس اور دیگر ایجنسیوں کے ساتھ مل کر روڈ کو قابل آمد و رفت بنانے کے لئے جنگی بنیادوں پر کام کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فوج کی بروقت کارروائیوں کی وجہ سے آج تک اس روڈ پر کئی لوگوں کی زندگیاں بچائی گئی ہیں اور اس کے علاوہ فوج درماندہ مسافروں کے قیام و طعام کے لئے انتظامات بھی کرتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مغل روڈ پر فوج کی تعیناتی سے مقامی لوگ خوش ہیں اور انہیں اطمینان ہے کہ کسی بھی آفاتی صورتحال میں ان کی مدد کے لئے فوج حاضر ہے۔
یو این آئی