منگل, دسمبر ۱۶, ۲۰۲۵
13.8 C
Srinagar

اننت ناگ میں تصادم، لشکر طیبہ سے وابستہ دو جنگجو ہلاک

سری نگر، 25 ستمبر :جنوبی کشمیر میں ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ کے سرہامہ علاقے میں جمعرات کی شام شروع ہونے والا مسلح تصادم لشکر طیبہ نامی جنگجو تنظیم سے وابستہ دو جنگجوئوں کی ہلاکت پر ختم ہوگیا ہے۔
کشمیر زون پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا کہ سرہامہ انکاؤنٹر میں لشکر طیبہ سے وابستہ دو جنگجو ہلاک ہوئے ہیں اور ان کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
سری نگر میں تعینات دفاعی ترجمان نے بتایا کہ سرہامہ میں مارے گئے جنگجوئوں کے قبضے سے ایک اے کے 47 اور ایک انساس رائفل برآمد کی گئی ہے۔
کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے مہلوک جنگجوئوں کی شناخت پاکستانی رہائشی ابو ریحان اور کاکہ پورہ پلوامہ کے رہنے والے عادل رشید بٹ کے طور پر ہوئی ہے۔
انہوں نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں تصادم کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا: ‘جمعرات کو ایس پی اننت ناگ کو اطلاع ملی کہ سرہامہ علاقے میں دو اعلیٰ کمانڈر چھپے ہوئے ہیں۔ فوج اور سی آر پی ایف کو ساتھ لیکر اس علاقے کا محاصرہ کیا گیا’۔
انہوں نے کہا: ‘آج صبح دونوں جنگجوئوں کو ایک گھر میں پایا گیا۔ ان کو ہلاک کرنے کے لئے دھماکہ خیز مواد کا بھی استعمال کیا گیا ہے’۔
وجے کمار نے مارے گئے جنگجوئوں کے بارے میں کہا: ‘تصادم میں پاکستانی جنگجو ابو ریحان، جو مارچ 2019 سے جنوبی کشمیر میں سرگرم تھا، مارا گیا۔ اس کے علاوہ کاکہ پورہ پلوامہ کے رہنے والے عادل رشید بٹ کو بھی ہلاک کیا گیا’۔
انہوں نے کہا: ‘عادل نے حال ہی میں نوگام سری نگر میں فائرنگ کر کے ہمارے دو پولیس اہلکاروں کو ہلاک کیا تھا۔ نوگام میں پولیس اہلکار سے چھینی گئی انساس رائفل بھی مل گئی ہے’۔
قبل ازیں سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنگجوؤں کے چھپنے کی اطلاع موصول ہونے پر فوج کی 3 آر آر، سی آر پی ایف اور پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے سرہامہ بجبہاڑہ کو جمعرات کی شام محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ جوں ہی سیکورٹی فورسز کی ایک ٹیم نے مشتبہ مقام کو گھیرے میں لیا تو وہاں چھپے جنگجوؤں نے ان پر گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کی شب دیر گئے تاریکی کی وجہ سے آپریشن کو ملتوی کیا گیا تھا تاہم جمعے کی صبح پو پھوٹتے ہی اس کو دوبارہ شروع کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلح تصادم دو جنگجوئوں کی ہلاکت پر ختم ہوگیا ہے۔ تصادم کے دوران چند رہائشی ڈھانچوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
دریں اثنا جائے تصادم آرائی پر ایک دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوئے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ تصادم کے دوران زمین بوس ہونے والے مکان کا ملبہ صاف کرنے کے دوران یہ واقعہ پیش آیا۔
انہوں نے کہا کہ جائے وقوع پر پہلے ہی بینرس لگائے گئے تھے جن میں لوگوں سے اس جگہ پر آنے سے پر ہیز کرنے کو کہا گیا تھا۔
مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ غالباً کوئی دھماکہ خیز مواد وہیں پڑا تھا جو پھٹ گیا اور چار افراد زخمی ہوئے۔
زخمیوں کی شناخت محمد یاسین راتھر، مدثر احمد ماگرے ساکنان سرہامہ اور شاہد یوسف و عرفان احمد بٹ ساکنان بونہ نمبل کے بطور ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو علاج و معالجے کے لئے نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے یاسین اور شاہد کو شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال سری نگر منتقل کیا گیا ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img