جمعرات, دسمبر ۱۸, ۲۰۲۵
13.6 C
Srinagar

جموں وکشمیر میں کورونا کے 55 نئے کیسز کی تصدیق، لاک ڈائون جاری

سری نگر، 12 مئی:جموں وکشمیر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 55 نئے مثبت کیسز سامنے آئے ہیں جس کے ساتھ اس یونین ٹریٹری میں اب تک سامنے آنے والے کیسز کی تعداد بڑھ کر 934 ہوگئی ہے۔

یہ جموں وکشمیر میں اب تک کسی ایک دن میں سامنے آنے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں جس کی وجہ سے اہلیان جموں وکشمیر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کی طرف سے منگل کی شام یہاں جاری میڈیا بلیٹن کے مطابق کورونا کے 55 نئے کیسز میں وادی کے 42 جبکہ جموں کے 13 کیسز ہیں۔ تاہم اسی عرصے کے دوران کورونا وائرس سے متاثرہ 28 مریضوں کو صحتیاب ہونے کے بعد ہسپتالوں سے رخصت کیا گیا ہے۔

بلیٹن کے مطابق اب تک سامنے آنے والے 934 کیسز میں سے 455 مریض صحت یاب ہوکر ہسپتالوں سے رخصت کئے جاچکے ہیں جبکہ ایکٹو کیسز کی تعداد 469 ہے۔ اب تک دس متاثرہ افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں سے 9 کا تعلق کشمیر سے تھا۔

میڈیا بلیٹن کے مطابق نئے 55 کیسز میں سے 4 اننت ناگ، ایک شوپیاں، 10 کپوارہ، 27 کولگام، 7 کٹھوعہ، 4 سانبہ اور 2 ریاسی میں سامنے آئے ہیں۔

دریں اثنا قہر انگیزعالمی وبا کورونا وائرس سے متاثرین و مہلوکین کی تعداد میں ہورہے ہوش ربا اضافے کے ساتھ وادی کشمیر میں جہاں ایک طرف گذشتہ 55 دنوں سے جاری لاک ڈاؤن ہر گذرتے دن کے ساتھ سخت اور تکلیف دہ ثابت ہورہا ہے وہیں لوگوں میں بھی خوف وتشویش کی لہر دن بہ دن بڑھتی ہی جارہی ہے۔

وادی کشمیر میں منگل کے روز بھی مکمل لاک ڈاؤن جاری رہتے ہوئے ہر سو سناٹے کا عالم چھایا رہا۔ مکمل لاک ڈاؤن کو ممکن بنانے کے لئے سڑکوں اور گلی کوچوں میں کرفیو جیسی سخت پابندیاں عائد رہیں۔

یو این آئی کے ایک نامہ نگار جس نے منگل کی صبح سری نگر کے بعض علاقوں کا دورہ کیا، نے بتایا کہ سری نگر میں مکمل لاک ڈاؤن ہے اور لوگ ڈرے اور سہمے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا: ‘سری نگر میں مکمل لاک ڈاؤن ہے، سڑکوں پر کرفیو جیسی سخت پابندیاں عائد ہیں، ناکوں پر بیٹھے سیکورٹی فورسز اہلکار راہگیروں یا موٹر سائیکل سواروں کو روک کر ان سے پوچھ گچھ کرتے ہیں، ماسک نہ پہننے والوں کی سرزنش بھی کرتے ہیں، لوگ ڈرے اور سہمے ہوئے ہیں’۔

صوبہ جموں میں بھی لاک ڈاؤن کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور لوگ گھروں میں ہی بیٹھے ہوئے ہیں۔ جموں شہر اور صوبے کے دیگر ضلع و تحصیل صدر مقامات میں مکمل لاک ڈاؤن کو ممکن بنانے کے لئے سڑکوں اور گلی کوچوں میں سیکورٹی فورسز اہلکاروں کی بھاری تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔

لداخ یونین ٹریٹری جہاں صورتحال بہت حد تک قابو میں ہے، میں بھی لاک ڈاؤن ہے اور لوگ اس وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے گھروں میں ہی بیٹھنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔

وادی کے دیگر ضلع وتحصیل صدر مقامات سے بھی اسی نوعیت کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وادی کے ضلع و تحصیل صدر مقامات میں بھی پابندیاں جاری ہیں اور لوگوں کو گھروں میں میں بند رکھنے کے لئے دفعہ 144 نافذ ہے۔ لوگوں کو گھروں میں ہی بیٹھنے اور دیگر احتیاطی تدابیر اپنانے کے لئے پولیس کی گاڑیاں دن بھر مختلف علاقوں کا دورہ کرکے لائوڈ اسپیکروں کے ذریعے اعلانات کررہی ہیں۔ کئی دیہات میں نوجوان رضاکارانہ طور پر اس وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے مساجد میں نصب لائوڈ اسپیکروں کے ذریعے لوگوں سے احتیاطی تدابیر کرنے کی اپیلیں کررہے ہیں۔

یو این آئی ظ ح بٹ

Popular Categories

spot_imgspot_img