کشمیر: جوان سال صحافی اور جی این ایس کے بانی تنویر الاحد انتقال کرگئے

کشمیر: جوان سال صحافی اور جی این ایس کے بانی تنویر الاحد انتقال کرگئے

سری نگر، 12 مئی :وادی کشمیر کے ایک معروف مقامی خبر رساں ادارے گلوبل نیوز سروس (جی این ایس) کے بانی و ایڈیٹر تنویر الاحد گذشتہ شام دیر گئے یہاں شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال میں عالم شباب میں انتقال کرگئے۔خاندانی ذرائع کے مطابق ہفتہ کے روز تنویر کی طبیعت گھر میں ہی خراب ہوئی تھی جس کے پیش نظر انہیں سب ضلع ہسپتال ہندوارہ میں داخل کیا گیا تھا جہاں ان کی طبیعت مزید بگڑنے کی وجہ سے انہیں ایس ایم ایچ ایس ہسپتال سری نگر ریفر کیا گیا تھاجہاں انہوں نے پیر کی شام دیر گئے اپنی جان، جان آفرین کے سپرد کردی۔
ایک رپورٹ کے مطابق تنویر الاحد کو مسلسل قے اور اسہال کی شکایت کے بعد ہسپتال لے جایا گیا تھا جبکہ ایک دوسری رپورٹ کے مطابق ان کی موت مبینہ طور پر اپینڈکس پھٹنے کی وجہ سے واقع ہوئی ہے۔
سرحدی ضلع کپوارہ کے درگمولہ کے مقام شاہولی سے تعلق رکھنے والے تنویر الاحد نے زندگی کی صرف 38 بہاریں ہی دیکھی تھیں۔ ان کے پسماندگان میں ان کی اہلیہ اور تین کمسن بچے شامل ہیں۔
تنویر الاحد نے گریجویشن مکمل کرنے کے بعد صحافت کا انتخاب اپنے پیشہ کے بطور کیا اور اس سفر کا آغاز ‘الصفا نیوز’ اور مقامی انگریزی روز نامہ ‘کشمیر ریڈر’ میں کام کرنے سے کیا۔ انہوں نے بعد ازاں اپنے ایک خبر رساں ادارہ ‘گلوبل نیوز سروس’ اور انگریزی روزنامہ ‘کشمیر گلوری’ کی داغ بیل ڈالی۔
گلوبل نیوز سروس معروف بہ جی این ایس جہاں بروقت اور معیار کے لحاظ سے وادی کے صحافتی حلقوں میں کافی مقبول ہے وہیں قومی و بین الاقوامی میڈیا اداروں سے وابستہ صحافی اس ادارے سے برابر استفادہ کرتے ہیں۔ مذکورہ ادارہ سے وابستہ صحافیوں نے اپنے چیف ایڈیٹر کے اچانک انتقال کے باوصف نیوز آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔تنویر الاحد کو منگل کی صبح کپوارہ میں اپنے آبائی گاﺅں میں سپرد لحد کیا گیا۔ کورونا وائرس ایڈوائزریز کے پیش نظر ان کے جنازہ میں بہت کم لوگوں نے شرکت کی۔ادھر روز نامہ ایشین میل کے جملہ اراکین خصوصاً مدیراعلیٰ رشید راہل نے جوان سال صحافی تنویر الاحد کے اچانک انتقال پر رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔دریں اثنا تنویر الاحد کے اچانک انتقال پر وادی کی صحافتی برادری میں غم و حزن کی لہر دوڑ گئی ہے اور وادی کے صحافیوں نے مرحوم جوان سال صحافی کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
وادی کے معروف اور سینئر صحافی یوسف جمیل نے مرحوم کے انتقال پر اظہار رنج کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ‘سری نگر کے ایک ہسپتال میں اپینڈکس پھٹ جانے کے بعد روزنامہ کشمیر گلوری اور خبر رساں ادارہ جی این ایس کے ایڈیٹر و مالک تنویر الاحد کی اچانک اور غیر متوقع موت کی خبر سن کر میں صدمے میں ہوں۔ خدا انہیں جنت نصیب فرمائے’۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.