سری نگر/لیفٹیننٹ گریش چندر مرمو نے آج ایک اعلیٰ افسران کی میٹنگ میں کشمیر میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیاریوں کا جائزہ لیا۔اِس موقعہ پر اُنہوں نے کہا کہ ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے حکومت کو ہر سطح پر تیار رہنا چاہیئے ۔ اُنہوں نے آبپاشی، فلڈ کنٹرول ، صوبائی انتظامیہ ، ایس ایم سی اور ایس ڈی آر ایف کو خصوصی ہدایت دیتے ہوئے فلڈ منیجمنٹ منصوبہ بنانے کی ہدایت دی۔لیفٹیننٹ گورنر نے سیلابی صورتحال پر نگرانی کے عمل کو مزید مستحکم بنانے کے لئے مخصوص مقامات پر شمسی توانائی سے چلنے والے سی سی ٹی وی کیمرہ اور دیگر آلات نصب کرنے کی ہدایت دی۔ اس موقعہ پر دِن رات کام کرنے والے فلڈ کنٹرول روم کے قیام کی بھی ہدایت دی گئی ۔لیفٹیننٹ گورنر نے ہری نواس میں ایمرجنسی اوپریشن سینٹر کو مزید وسعت دینے پر بھی زور دیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے تمام آبی ذخائر کی ڈریجنگ کے احکامات دئیے ۔اُنہوں نے اس سلسلے میں جھیل ولر کی ترجیحی بنیادوں پر ڈریجنگ کے احکامات دیتے ہوئے اِس کو ایم جی نریگا کے تحت دردست لینے کی ہدایت دی تاکہ کووِڈ ۔19 کے دوران مزدوروں کے لئے ایام کار پیدا کئے جاسکیں۔میٹنگ کے دوران سری نگر میونسپل کارپوریشن کو مناسب منصوبہ تیار کر کے کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رہنے کی ہدایت دی گئی۔میٹنگ کے دوران چیف سیکرٹری نے تمام محکموں کو موسم سے متعلق پیشگوئی کے تناظر میں قریبی تال میل بنائے رکھنے کی ہدایت دی ۔اُنہوں نے بچاﺅ ٹیموں کو تیاری کی حالت میں رکھنے پر بھی زور دیا۔اس سے قبل جل شکتی کے کمشنر سیکرٹری اجیت کمار ساہو نے ایک پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے تیاریوں کا خلاصہ کیا۔اُنہوں نے کہا کہ دریائے جہلم میں پانی کی گنجائش 32000کیوسک سے بڑھا کر 42000 کیوسک کردی گئی ہے اور اس کو 60000 کیوسک لے جانے کا نشانہ مقرر کیا گیاہے۔میٹنگ میں ایل جی کے مشیر بصیر احمد خان ،آر آر بھٹناگر ، چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم ، فائنانشل کمشنر صحت اتل ڈولو ،پرنسپل سیکرٹری اطلاعات روہت کنسل ، کمشنر سیکرٹری جل شکتی اے کے ساہو ، صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے ، ڈی جی ایس ڈی آر ایف ، آئی جی پی وِجے کمار ، ڈی سی سری نگر شاہد اقبال چودھری اور دیگر افسران موجود تھے۔





