پونچھ کے مضافاتی علاقہ میں تلاشی کارروائی : بندوق ،پستول اورگولی بارود برآمد
سرینگر//22اپریل //جے کے این ایس جنوبی کشمیرکے ضلع شوپیان کے ملہورہ گاﺅں میں ایک خونین معرکہ آرائی کے دوران4جنگجومارے گئے جوبقول پولیس تشدد کی کئی وارداتوں اورحملوں میں ملوث تھے ۔پولیس حکام نے 4جنگجوﺅں کی ہلاکت کوایک اوربڑی کامیابی قراردیتے ہوئے کہاکہ جنگجوﺅں کیخلاف کارروائیوں کاسلسلہ جاری رکھاجائیگا۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ جنگجوﺅں کی موجودگی سے متعلق مصدقہ اطلاع ملنے کے بعدفوج کی55آرآر،سی آر پی ایف کے جنگجومخالف گروپ اورپولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ سے وابستہ اہلکاروں نے منگل کورات دیرگئے ضلع شوپیان کے ملہورہ گاﺅںکوچاروں اطراف سے محاصرے میں لینے کے بعدگاﺅں کے اندراورباہرجانے والے تمام راستوں کوسیل کردیا۔ذرائع کے مطابق پوری رات سخت محاصرہ رکھنے کے بعدبدھ کوعلی الصبح سیکورٹی اہلکاروں نے جنگجوﺅں کاپتہ لگانے کیلئے گھرگھرتلاشی کارروائی شروع کی تو اس دوران ایک جگہ چھپے بیٹھے جنگجوﺅں نے محاصرہ توڑ کر فرارہونے کی کوشش کے تحت سیکورٹی اہلکاروں پراندھادھند فائرنگ شروع کردی ۔پولیس ذرائع کے مطابق جنگجوﺅں کی جانب سے گولی باری کاسلسلہ شروع کرنے کے بعدفوج ،فورسزاورایس اﺅجی اہلکاروں نے فوراًمورچے سنبھالتے ہوئے جوابی کارروائی عمل میں لائی ۔ذرائع کے مطابق طرفین کے درمیان گولی باری کاسلسلہ کافی وقت تک جاری رہا۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ عام شہریوں کے جان ومال کی حفاظت کویقینی بنانے کیلئے سیکورٹی اہلکاروں نے جنگجوﺅں کیخلاف اپنی جوابی کارروائی احتیاط کیساتھ جاری رکھی ۔انہوں نے کہاکہ اس جھڑپ کے دوران4جنگجومارے گئے ،جنکی نعشوں اوراسلحہ وگولی بارود کوجائے جھڑپ سے برآمد کیاگیا۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ مارے گئے چاروں جنگجوﺅں کی نعشوں کوشناخت اوردیگرلوازمات کیلئے شوپیان منتقل کیاگیا۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ مارے گئے جنگجوﺅں کی شناخت عمل میں لانے کے بعدہی انکی نعشوں کولواحقین کے سپردکرنے کاکوئی فیصلہ لیاجائیگا۔ایک پولیس ترجمان نے ٹویٹر پرکئے گئے ایک ٹویٹ میں اسبات کی مزیدجانکاری دیتے ہوئے لکھاکہ ملہورہ شوپیان میں یہ شبانہ جنگجومخالف آپریشن مصدقہ اطلاع ملنے کے بعدعمل میں لایاگیا،اوراس دوران 4جنگجومارے گئے ۔ترجمان نے بتایاکہ جب سیکورٹی اہلکاروں نے ایک مشتبہ جگہ کی جانب گولیوں کے کچھ راﺅنڈ فائر کئے ،اورجواب میں گولی باری ہونے کے بعدباضابطہ آپریشن عمل میں لایاگیا۔ اس دوران صوبہ جموں کے سرحدی ضلع پونچھ میں فوج ،فورسزاورپولیس نے ایک مشترکہ کارروائی کے دوران کچھ اسلحہ وگولی بارود برآمد کیا۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ فوج ،فورسزاورجموں وکشمیرپولیس کے اہلکاروں نے مصدقہ اطلاع ملتے ہی ضلع پونچھ میں شین دھارااوراسکے نواحی دیہات کامحاصرہ کرنے کے بعدیہاں تلاشی کارروائی عمل میں لائی ،جس دوران جنگجوﺅں کی ایک کمین گاہ سے ایک اے کے47رائفل ،تین میگزین ،گولیوں کے چالیس راﺅنڈ،چینی ساخت کاایک پستول ،ایک میگزین اورایک ڈیٹونیٹر برآمد کیا۔ایس ایس پی پونچھ رمیش کمار اگروال نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ یہ تلاشی کارروائی کچھ افرادکی مشکوک نقل وحرکت کے بعد عمل میں لائی گئی ۔





